مقبوضہ کشمیر میں شدید برفباری کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے

پیر 13 جنوری 2020 17:57

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2020ء) مقبوضہ کشمیر میں شدید برفباری اور سرینگر جموں شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے وادی کشمیر میں زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی اورعلاقے کا باقی دنیا سے منقطع ہو گیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وادی کشمیر کے میدانی اور بالائی علاقوں میں شدید برف باری ہوئی ہے۔ سری نگر میں 12 سینٹی میٹر ، گلمرگ میں 27 سینٹی میٹر اور پہلگام میں 21.5 سینٹی میٹر برف ریکارڈ کی گئی ہے۔

برفباری سے وادی کشمیر میں درجہ حرارت بھی نیچے گرگیا ہے۔ سری نگر میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت منفی 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گلمرگ میں منفی 5 جبکہ پہلگام میں منفی 2.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔سری نگر میں محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آج بھی برف باری ہوگی ۔

(جاری ہے)

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کپواڑہ کے میدانی علاقوں میں تقریبا دو فٹ جبکہ بالائی علاقوں میں چار فٹ کے قریب برف پڑی۔

برف کی وجہ سے رابطہ سڑکیں بند ہونے کے بعد وادی بھر کے کئی دیہات سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے ۔ گریز اور ٹنگڈار جیسے دور دراز علاقوں سے بھی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ مسلسل فوجی محاصرے اور انٹرنیٹ پر پابندی کی وجہ سے وادی کشمیر ،خطہ جموں اور ضلع کرگل میںعوام پہلے ہی شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔دریں اثنا ء قابض حکام نے کشمیر میں شدید برف باری کے بعد پیر کو سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آنے اورجانے والی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔جنوبی کشمیر میں مغل روڈ اور سرینگرلہہ شاہراہ شدید برفباری کی وجہ سے سردیوں کے موسم میں بند رہتی ہے۔