ایل پی جی کی قیمت میں کمی

اوگرا نے ایل این جی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

منگل 14 جنوری 2020 09:06

ایل پی جی کی قیمت میں کمی
اسلام آبادم ( اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 14 جنوری 2020ء) ایل این جی کی قیمت میں کمی کر دی گئی ہے۔ اوگرا کی جانب سےجاری نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی سدرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت 10.46 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔ سوئی سدرن سسٹم پر ایل این جی کی قیمت میں 0.36 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کمی کی گئی ہے جبکہ سوئی ناردرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت 10.48 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کر دی گئی ہے اور سوئی ناردرن سسٹم پر ایل این جی کی قیمت میں 0.35 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کمی کی گئی ہے۔

ایل این جی کی قیمتوں میں کمی جنوری کیلئے کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان نے برف باری سے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو ایل پی جی سبسڈائز نرخوں پر فراہم کرنے کا معاملہ (آج) منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اٹھائے جانے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات پیر کو قومی اسمبلی میں حالیہ بارشوں اور برف باری سے متاثرہ علاقوں میں پیدا ہونے والی صورتحال کے حوالے سے اراکین کے نکتہ ہائے اعتراض کے جواب میں دیا۔

نکتہ اعتراض پر کراچی سے رکن قومی اسمبلی فہیم خان نے کہا کہ ان کا علاقہ صنعتی ایریا ہے۔ وہاں پر گیس نہیں ہے جس سے بیروزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اسی طرح گھریلو صارفین کو بھی گیس نہیں مل رہی۔ مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ گلیات کا علاقہ بھی برف باری کی وجہ سے متاثرہ ہے۔ پنجاب کی طرف سے سڑکیں کھلی ہیں لیکن خیبرپختونخوا کی اطراف میں سڑکیں بند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برف باری سے متاثرہ تمام علاقوں میں ایل پی جی سبسڈائز نرخوں پر فراہم کی جائے۔ انہوں نے بونیر میں گیس کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا۔ آفرین خان نے کہا کہ این اے 11 کوہستان پہاڑی علاقہ ہے وہاں پر لینڈ سلائیڈنگ سے سڑک بلاک ہے۔ صوبائی حکومت کو بند سڑکیپں کھولنے کی ہدایات جاری کی جائیں۔ کمال الدین نے کہا کہ کوئٹہ پشین سڑک بند ہے اسے کھولنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔