نوجوان فاسٹ باولر حارث روف کو بنگلہ دیش کیخلاف سیریز کیلئے موقع دیے جانے کا امکان

بگ بیش لیگ میں شاندار کارکردگی دکھانے پر لاہور قلندرز کے ستارے کی قومی ٹیم میں شمولیت تقریباً یقینی، ٹیم میں سرفراز احمد کی واپسی کا بھی امکان

muhammad ali محمد علی بدھ 15 جنوری 2020 19:51

نوجوان فاسٹ باولر حارث روف کو بنگلہ دیش کیخلاف سیریز کیلئے موقع دیے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جنوری2020ء) نوجوان فاسٹ باولر حارث روف کو بنگلہ دیش کیخلاف سیریز کیلئے موقع دیے جانے کا امکان، بگ بیش لیگ میں شاندار کارکردگی دکھانے پر لاہور قلندرز کے ستارے کی قومی ٹیم میں شمولیت تقریباً یقینی، ٹیم میں سرفراز احمد کی واپسی کا بھی امکان۔ تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق، قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور کوآرڈینیٹر برائے سلیکشن کمیٹی ندیم خان کے درمیان ملاقات قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوئی۔

ملاقات میں بنگلہ دیش کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے کھلاڑیوں کے ناموں پر مشاورت کی گئی۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز میں شامل تین ٹی ٹونٹی میچز 24، 25 اور 27 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہونگے۔

(جاری ہے)

سیریز کیلئے اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کیلئے مشاورتی عمل جمعرات کو بھی جاری رہیگا جہاں دیگر چھ سلیکٹرز کو بھی اس عمل میں شامل کیا جائیگا۔

مشاورتی عمل کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق اور کپتان قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم بابر اعظم جمعرات کو دوپہر اڑھائی بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں واقع فار اینڈ بلڈنگ کے کانفرنس روم میں پریس کانفرس میں اسکواڈ کا اعلان کریں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد اپنی فٹنس اور فارم میں کافی بہتری لانے میں کامیاب ہوئے ہیں، بنگلا دیش کیخلاف سیریزکیلیے انہیں زیر غورلایا جاسکتا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں آرام کرنے والے شاہین شاہ آفریدی کی سکواڈ میں واپسی ہوگی۔ جبکہ آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان فاسٹ باولر حارث رؤف کو بھی ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔