وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی زیر صدارت کابینہ کی ترقیاتی کمیٹی کا اجلاس ، چیچیاں جاتلاں روڈ کی تعمیر نو اور کشادگی کے لیے 69 کروڑ روپے فوری طورپر جاری کرنے کی منظوری دیدی

جمعہ 24 جنوری 2020 23:56

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2020ء) حکومت آزاد کشمیر نے اپنے ترقیاتی بجٹ سے میرپور زلزلہ متاثرہ علاقوں میں بحالی کے عمل کا آغاز کردیا ۔وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی زیر صدارت کابینہ کی ترقیاتی کمیٹی نے آزادکشمیر کے اپنے بجٹ سے چیچیاں جاتلاں روڈ کی تعمیر نو اور کشادگی کے لیے 69 کروڑ روپے فوری طورپر جاری کرنے کی منظوری دیدی جبکہ افضل پور پل کے لیے بھی 11 کروڑ روپے منظور کردیے گئے۔

وزیراعظم آزادکشمیر کی فوری فنڈز ریلیز کرنے اور فروری کے اواخر تک ٹینڈرنگ پراسیس مکمل کرکے کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں 7ارب روپے سے زائد مالیت کے 10منصوبہ جات منظور کر لیے گئے۔ منظور کیے گئے منصوبہ جات میں ضلع مظفرآباد گڑھی دوپٹہ اور ضلع جہلم ویلی میں چکار اور چناری واٹر سپلائی،مظفرآباد، نیلم، پونچھ، باغ، میرپور اور کوٹلی میں 228کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر، بہتری و پختگی کے علاوہ ضلع جہلم ویلی میں 3.2میگا واٹ کا چھم فال ہائیڈل پاور پراجیکٹ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزراء کرام چوہدری عزیز، محترمہ نورین عارف، سردار میر اکبر، سید شوکت علی شاہ، سردار فاروق احمد طاہر، کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، ڈاکٹر مصطفی بشیر، ناصر ڈار، چوہدری مسعود خالد، چوہدری رخسار، چوہدری یاسین گلشن، چوہدری محمد اسحا ق، چوہدری شہزاد محمود، راجہ عبدالقیوم خان، راجہ نصیر احمد خان، احمد رضا قادری، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر مطہر نیاز رانا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین، سیکرٹری صاحبان اور سربراہان محکمہ جات نے شرکت کی۔

اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین نے کابینہ کو 10نکاتی ایجنڈے پر بریفنگ دی۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے اندر لینڈ سلائیڈ ٹریٹمنٹ کی جامع سٹڈی کرتے ہوئے سلائیڈ کو روکنے کے موثر اقدامات کیے جائیں۔ وزیر اعظم کے باغ ڈسٹرکٹ کمپلیکس کی تعمیر میں پائی جانے والی خرابیوں کے حوالہ سے انکوائری کی ہدایت کی اور جلد از جلد ذمہ داروں کا تعین کرتے ہوئے 10ایام کے اندر انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہوٹہ واٹر سپلائی سکیم پر جلد کام مکمل کرنے اور میرپور میں زلزلہ متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آفات سماوی کے متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو حکومت کی اولین ترجیحی ہے اس سلسلہ میں این ڈی ایم اے اور دیگر اداروں کے ساتھ ملکر جلد از جلد تعمیر نو اور بحالی کا کام مکمل کیا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ترقیاتی منصوبہ جات بروقت مکمل ہونے چاہیں اور انکی کوالٹی پر کمپرومائز نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ جات مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کے لیے تمام سیکرٹریز حکومت موثر مانیٹرنگ کو یقین بنائیں۔