Live Updates

پرویز الٰہی نے آصف علی زرداری کی حکومت کو بہتر قرار دے دیا

وزیراعظم اتحادیوں کو شک کی نگاہ سے نہ دیکھا کریں، جو بات ہوپہلے اس کی تصدیق کر لیا کریں، اسپیکر پنجاب اسمبلی

Khurram Aniq خُرم انیق ہفتہ 25 جنوری 2020 11:52

پرویز الٰہی نے آصف علی زرداری کی حکومت کو بہتر قرار دے دیا
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-25جنوری 2020ء) اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کی جانب سے عمران خان سے شکوہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان کا آصف علی زرداری کے ساتھ مخلوط حکومت بنانے کا تجربہ اچھا تھا۔پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ بزدار حکومت کو کہا تھا کہ سندھ کا آٹا پنجاب میں آنے دیں اور پنجاب میں کسی قسم کی کوئی انتظامی تبدیلیاں نہ کریں،لیکن ہماری ایک نہ سنی گئی۔

انہیں بار بار سمجھایا گیا کہ نچلی سطح پر حکومت کا کنڑول نہیں ہے، اس کی اشد ضرورت ہے،لیکن ہماری کسی بات پر عمل نہ کیا گیا۔مزید بات کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ پنجاب کی اس حالت کے ذمہ دار عثمان بزدار ہی ہیں۔عمران خان کی حکومت سے ناراض پرویز الٰہی کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری کی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ مخلوط حکومت بنانے کا مزہ آیا تھا،دونوں جماعتوں میں موضوعات پر بات ہوئی ہے،لیکن یہاں ہم سے کسی بھی فیصلے سے پہلے پوچھا بھی نہیں جاتا۔

(جاری ہے)

عمران خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے رہنما ق لیگ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اتحادیوں کو شک کی نگاہ سے نہیں دیکھنا چاہیئے،جو بھی بات ہو پہلے اس کی تصدیق کر لینی چاہیئے۔شک کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں مذاکرات کروائے لیکن ہمیں ہی شک کی نگاہ سے دیکھا گیا۔مزید شکوہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت حسین بیرون ملک سے علاج کروا کر آئے لیکن عمران خان کی جانب سے خیریت دریافت نہیں کی گئی۔

نون لیگ کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ق لیگ کی ان سے کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہی ہم پنجاب میں ان کے ساتھ حکومت بنانا چاہتے ہیں۔ نون لیگ نوازشریف کے بغیر کچھ نہیں ہے اور نوازشریف چاہتے ہیں کہ اب سیاسی بھاگ دوڑآگے مریم نواز سمبھالیں ،شہبازشریف کے اختیار میں کچھ نہیں ہے۔مزید بات کرتے ہوئے پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک کے لئے کچھ کرنا چاہتے ہیں،لیکن سوال یہ ہے کہ کیا وہ کسی کے ساتھ مل کر کرنا چاہیں گے یا نہیں؟ کیونکہ اکیلے وہ کچھ نہیں کر سکتے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات