پاکستان کے ساتھ مذاکرات ابھی مکمل نہیں ہوئے، ترجمان آئی ایم ایف

قرض کی دوسری قسط کیلئے مذاکرات ابھی جاری ہیں، بہت بار ایسا ہوتا ہے کہ ایک دورے میں کام مکمل نہیں ہوتا۔ ترجمان آئی ایم ایف ٹریسا ڈبن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 15 فروری 2020 18:40

پاکستان کے ساتھ مذاکرات ابھی مکمل نہیں ہوئے، ترجمان آئی ایم ایف
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 فروری 2020ء) آئی ایم ایف کے ترجمان ٹریسا ڈبن نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات ابھی مکمل نہیں ہوئے، قرض کی دوسری قسط کیلئے مذاکرات جاری ہیں، بہت بار ایسا ہوتا ہے کہ ایک دورے میں کام مکمل نہیں ہوتا۔ ترجمان آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ قرض کی دوسری قسط کیلئے مذاکرات پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا اگلا دور شیڈول نہیں۔

پاکستان کے ساتھ مذاکرات اور کام ابھی جاری ہے۔ بہت بار ایسا ہوتا ہے کہ ایک دورے میں کام مکمل نہیں ہوتا۔ پاکستان سے قرض کی دوسری قسط کیلئے مذاکرات جاری ہیں۔ واضح رہے گزشتہ روز آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا اعلامیہ جاری کیا تھا کہ جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان سے بات چیت مثبت رہی۔

(جاری ہے)

پاکستان نے اصلاحات پر عملدرآمد کیا۔

پاکستان میں مالیاتی خسارہ کم ہوگیا ہے۔ پاکستان کی معیشت میں بہتری توقعات سے بڑھ کرہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوئے ہیں، پاکستان میں مہنگائی کم ہوجائے گی۔ مہنگائی میں ڈالر کے ایکسچینج ریٹ کے اثرات کم ہونا شروع ہوئے ہیں۔ مزید برآں آئی ایم ا یف اور پاکستان کے درمیان اگلی قسط کے لئے دوسرے اقتصادی جائزہ مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں۔

ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ مذاکرات کامیاب ہوئے ہیں اور کوئی منی بجٹ نہیں آ ئے گا۔ آئی ایم ایف نے معاشی اصلاحات میں پیش رفت کا اعتراف کیا ہے جبکہ بجلی اورگیس کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ٹیکس ریونیو بڑھانے پر زور دیا گیا ہے۔ آئی ایم کی جانب سے پاکستان کی معاشی اصطلاحات میں پیش رفت کا اعتراف کرتے ہوئے منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسگ پر بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

اسی طرح ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے بھی حکومت اور آئی ایم ایف مذاکرات پر اپنے ردعمل میں کہا کہ آئی ایم ایف اور حکومت کا اسٹاف لیول ایگریمنٹ نہیں ہوسکا، معاہدہ نہ ہونے کی وجہ مافیا کی کرپشن، نالائقی و نااہلی ہے، عمران مافیا کے چھاپے آئی ایم ایف کے ساتھ ناکامیوں کی حقیقت نہیں چھپا سکتے۔ مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے آئی ایم ایف جائزہ مشن سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران مافیا نے گردشی قرض کی رفتار تیز کردی، ہر ماہ 44 ارب کا اضافہ ہورہا ہے۔

قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا کر ”چورنیازی اینڈ فرینڈز“ مافیا نے اپنا مستقبل سنوار لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کی شرح اور ٹیکس وصولیوں کا عدم توازن ملک وقوم کو تباہی کی طرف لے جا رہا ہے، 36 ارب ماہانہ بجلی وگیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے گردشی قرض کو کئی گنا بڑھا دیا گیا ، کرپٹ عمران مافیا نے گردشی قرض 800 ارب سے 1900 ارب پر پہنچا دیا ہے ۔ عمران مافیا کی کرپشن، نالائقی و نااہلی سے آئی ایم ایف اور حکومت کا سٹاف لیول اگریمنٹ نہ ہو سکا۔ معاشی روڈ میپ اور کسی سمت کے بغیر آئی ایم ایف کی مزید شرائط ماننا 22 کروڑ عوام کا معاشی قتل ہے۔