خصوصی تعلیم کے سات مراکز پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت دیئے جائیں، سید قاسم نوید قمر

پیر 17 فروری 2020 21:31

خصوصی تعلیم کے سات مراکز پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت دیئے جائیں، ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ نے پبلک اور پرائیویٹ پارٹنرشپ نوڈ کے تحت سات خصوصی تعلیم اور بحالی مراکز کی مارکیٹنگ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ ان میں تعلیم حاصل کرنے والے خصوصی بچوں کو فراہم کی جانے والی معیاری تعلیم کو مزید بہتر بنایا جاسکے اور اس کے ساتھ اداروں اور اساتذہ کی استعداد کار میں بھی اضافہ کیا جاسکے گا۔

یہ بات انہوں نے پیر کو اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ سیکریٹری محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ پرویز احمد سیہڑ، ڈائریکٹر غلام نبی نظامی، ڈپٹی سیکریٹری شاہ زیب شیخ اور دیگر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ نوڈ کے تحت ان مراکز کی مارکیٹنگ کا مقصد متعلقہ تدریسی طریقہ کار کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے اور ابتدائی طور پر سات مراکز کو مذکورہ منصوبے کے تحت دیئے جانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ سکھر میں تین خصوصی تعلیم و بحالی مراکز، لاڑکانہ، سانگھڑ، کورنگی کراچی اور ٹنڈو محمد خان میں ایک ایک مرکز کو پیلک پرائیویٹ پارٹنرشپ نوڈ کے تحت حوالے کیا جائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی رہنمائی میں محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ خصوصی افراد کی زندگی کو بہتر بنانے کے لئے بہت سے اقدامات اٹھائے ہیں اور ہم اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لئے مزید کوششیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مذکورہ بحالی مراکز عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور ان میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں اور اساتذہ کو فائدہ پہنچے گا۔