مقتول صحافی عزیز میمن کی تحفظ کی اپیل کی ویڈیو سامنے آگئی

بلاول بھٹو زرداری کے ٹرین مارچ کے دوران محراب پور میں کرائے کے لوگ لانے کی خبر چلائی تھی، اسکے بعد پولیس اور جیالے جان کے دشمن بن گئے ہیں، صحافی کا بیان، وفاقی وزیرفواد چوہدری کا انصاف کی فراہمی کا مطالبہ

Usama Ch اسامہ چوہدری پیر 17 فروری 2020 21:07

مقتول صحافی عزیز میمن کی تحفظ کی اپیل کی ویڈیو سامنے آگئی
کراچی (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 17 فروری 2020) : مقتول صحافی عزیز میمن کی تحفظ کی اپیل کی ویڈیو سامنے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز قتل ہونے والے صحافی عزیز میمن کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے۔ اس ویڈیو پیغام میں انکا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے ٹرین مارچ کے دوران محراب پور میں کرائے کے لوگ لانے کی خبر چلائی تھی، اسکے بعد پولیس اور جیالے جان کے دشمن بن گئے ہیں۔

یہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔ اس حوالے سے وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدریکا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹر پرپیغام دیتے ہوئے کہنا تھا کہ آج ایک سندھی صحافی عزیز میمن کو مارا گیا ہے، اس ویڈیو میں انہوں نے اپنی مشکلات بیان کیں اور حتی کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی طرف سے جان سے مارنے کی دھمکیوں سے بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ میں چیف جسٹس سپریم کورٹ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ نوٹس لیں اور ایجنڈے کو کیس کی تحقیقات کروائیں کیونکہ انہوں نے سندھ میں برسراقتدار پارٹی پر الزامات عائد کیے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے محراب پور میں صحافی عزیز میمن کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عزیز میمن کے قتل میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت اور منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔

ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ عزیز میمن کے لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہوں، ہر مقتول کے ورثاء کا غم میں سمجھ سکتا ہوں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صحافیوں کی تحفظ کے معاملے پر کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ میڈیا کی آزادی اور صحافیوں کے تحفظ پر پیپلز پارٹی کا ہمیشہ واضح مؤقف رہا ہے۔