یورپی یونین کی جانب سے پاکستان میں سیاسی انتقام اور جمہوری آزادیوں پر پابندیوں کی نشاندہی لمحہ فکریہ ہے، ترجمان بلاول بھٹو زرداری

منگل 25 فروری 2020 13:44

یورپی یونین کی جانب سے پاکستان میں سیاسی انتقام اور جمہوری آزادیوں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2020ء) ترجمان چیئرمین پیپلز پارٹی مصطفی نواز کھوکھر نے یورپی یونین کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ یورپی یونین کی جانب سے پاکستان میں سیاسی انتقام اور جمہوری آزادیوں پر پابندیوں کی نشاندہی لمحہ فکریہ ہے۔ ایک بیان میں ترجمان بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ رپورٹ نے پاکستان میں صاف شفاف جمہوری طرز حکومت کے دعوؤں کا پول کھول کر رکھ دیا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ یورپی یونین نے احتساب کے نام پر انتقام کے اپوزیشن کے بیانئے کی تائید کر دی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ حکومت بتائے کہ کیا ہالینڈ، فرانس اور جرمنی بھی پاکستان کی اپوزیشن کے ساتھ مل گئے ہیں ۔مصطفی نواز کھوکھر نے کہاکہ احتساب کے نام پر انتقام اور میڈیا پر قدغنوں نے پاکستان کا چہرہ عالمی سطح پر مسخ کر دیا ہے۔

ترجمان بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ عمران خان کا نیا پاکستان مہذب دنیا میں وطن عزیز کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے۔ترجمان مصطفی نواز کھوکھر نے کہاکہ مودی کے انتہاپسند بھارت کے مقابلے میں جمہوری اور برداشت والا پاکستان دنیا کے سامنے لانا ہوگا۔ ترجمان بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ یورپی یونین کی رپورٹ پاکستان کے عالمی تشخص پر سوالیہ نشان ہے ۔