ہم کورونا وائرس میں مدد کیلئے تیار ہیں، ترجمان پاک فوج

پاکستان میں کورونا وائرس کے ابھی صرف 2 کیسز رپورٹ ہوئے، کورونا وائرس سے نپٹنے کیلئے وزارت صحت بہتر یقے سے کام کررہی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 27 فروری 2020 16:45

ہم کورونا وائرس میں مدد کیلئے تیار ہیں، ترجمان پاک فوج
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 فروری 2020ء) ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ ہم کورونا وائرس میں مدد کیلئے تیار ہیں، پاکستان میں کوروناوائرس کے ابھی صرف 2 کیسز رپورٹ ہوئے، کورونا وائرس سے نپٹنے کیلئے وزارت صحت بہتر یقے سے کام کررہی ہے۔ انہوں نے میڈیا بریفنگ میں جہاں ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے متعلق میڈیا بریفنگ دی وہاں پاکستان میں کورونا وائر س سے متعلق بھی چین سمیت دنیا بھرکو آگاہ کیا اور مدد کی پیشکش کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ پاکستان کے ارد گرد تمام ممالک میں کورونا وائرس پھیل رہا تھا۔ لیکن کورونا وائرس سے متعلق وزارت صحت بہترطریقے سے کام کررہی ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے صرف دوکیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم کورونا وائرس کے معاملے میں مدد کیلئے تیارہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اب بین الاقوامی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے حالات سے دنیا آگاہ ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام جس کرب سے گزر رہے ہیں اس کا پورا احساس ہے۔ ہمارے ملک کی قیادت نے مسئلہ کشمیرکو ہر سطح پراجاگر کیا ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے آگے کیسے بڑھنا ہے یہ فیصلہ قیادت نے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے دفاعی بجٹ میں بہت فرق ہے۔ لیکن دفاعی بجٹ میں فرق کے باوجود آپ نے دیکھا ہم نے پچھلے سال کیا کیا۔

ہم ہردم تیار ہیں اورملک پرکوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ جبکہ بھارت دنیا بھرمیں سب سے زیادہ فوجی اخراجات کرنے والے تین ممالک میں آتا ہے۔ بھارت کی تمام دفاعی تیاریوں پرنظر ہے۔ دو جوہری طاقتوں کےدرمیان جنگ کی کوئی جگہ نہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ امن کا راستہ اپنایا جائے۔ ہمیں دیکھنا ہے کہ کیا خطہ جنگ کا متحمل ہوسکتا ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات بہترین ہیں۔ افغان طالبان اور امریکا معاہدے کے مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔ امریکی صدر نے بھی پاکستان کے خطے میں کردار کی تعریف کی۔