نیب نے خورشید احمد شاہ کے بھائی سید علی نواز شاہ کی طلبی کا نوٹس واپس لے لیا

سکھرنیب کے علم میں نہیں تھا کہ سید علی نواز شاہ وفات پاچکے ہیں. قومی احتساب بیورو کا اعلامیہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 2 مارچ 2020 19:58

نیب نے خورشید احمد شاہ کے بھائی سید علی نواز شاہ کی طلبی کا نوٹس واپس ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 مارچ۔2020ء) قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی ہدایت پر پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید احمد شاہ کے وفات پانے والے بھائی سید علی نواز شاہ کو طلبی کے لیے بھیجا گیا نوٹس واپس لے لیا ہے. نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سکھر سے رکن قومی اسمبلی سید خورشید علی شاہ، ان کے اہل خانہ، بے نامی دار اور دیگر کے خلاف ذرائع سے زائد آمدن کے الزامات پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تفتیش کررہی ہے.

(جاری ہے)

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ سید خورشید احمد شاہ بشمول سید علی نواز شاہ دیگر شراکت داروں کے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں رجسٹرڈ شاہ اسپننگ ملز لمیٹڈ کے حصہ دار ہیں‘نیب نے وضاحتی بیان میں کہا کہ اسی سلسلے میں شاہ اسپننگ ملز لمیٹڈ کے شراکت داروں کو بیان ریکارڈ کرنے کے لیے نوٹسز بھیجے گئے جس میں سید علی نواز شاہ بھی شامل تھے.طلبی کے لیے بھیجے گئے نوٹسز کی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیاہے کہ نیب سکھر کے علم میں نہیں تھا کہ سید علی نواز شاہ وفات پاچکے ہیں اسی لیے نیب چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی ہدایت پر فوری طور پر نوٹس کو واپس لیا جاتا ہے.بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب نے تحقیقات اور اس غلطی کی کے ذمہ دار کی نشان دہی کرنے کا حکم دے دیا ہے‘خیال رہے کہ سوشل میڈیا میں نیب کی جانب سے مرحوم سید نواز علی شاہ کو بھیجے گئے نوٹس پر تنقید کی گئی تھی جس کے بعد نیب کی جانب سے وضاحت سامنے آئی ہے.

سوشل میڈیا میں گردش کرنے والا نیب کا نوٹس 25 فروری 2020 کو جاری کیا گیا تھا اور 8 برس قبل وفات پانے والے سید نواز علی شاہ کو جے آئی ٹی کے سامنے 3 مارچ 2020 کو نیب سکھر کے دفتر میں پیش ہونے کی درخواست کی گئی تھی‘نوٹس میں کہا گیا تھا کہ اگر آپ اس حکم کی تعمیل کرنے میں ناکام ہوئے تو نیب آرڈیننس 1999 کے تحت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا.پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی سمیت سوشل میڈیا صارفین نے نیب کے نوٹس پر تنقید کی سعید غنی نے لکھا کہ سید خورشید شاہ کے 8 سال قبل انتقال کرجانے والے بھائی کو تحقیقات کے لیے نوٹس جاری کرنے والے ڈی جی نیب سکھر کو وہی بھیجنا چاہیے تاکہ وہ مرحوم سے تحقیقات کرکے خورشید شاہ کے خلاف الزام ثابت کرسکیں.

بعض صارفین نے کہا کہ نیب پی پی پی رہنما خورشید شاہ کے 8 سال قبل وفات پانے والے بھائی کو نوٹس بھیج رہا ہے جبکہ پی ٹی ا?ئی کے لاڈلے اور اتحادیوں کے مقدمات کو ختم کیے جارہے ہیں.
نیب نے خورشید احمد شاہ کے بھائی سید علی نواز شاہ کی طلبی کا نوٹس واپس ..