Live Updates

سفارتی محاذ پر بتادیا کہ اگر امریکا نے کردار ادا نہ کیا تو خطہ یقینی جنگ کی طرف بڑھ جائے گا

پاکستان ہندوستان کا راستہ بھی روک سکتا ہے اور شکست بھی دے سکتا ہے، ہندوستان امریکا کا اسٹریٹجک پارٹنر ہے اس کے جنگی جنون اور بخار کا علاج امریکا کے پاس ہے، رکن سفارتی وفد خرم دستگیر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 5 جون 2025 20:38

سفارتی محاذ پر بتادیا کہ اگر امریکا نے کردار ادا نہ کیا تو خطہ یقینی ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 05 جون 2025ء ) پاکستان کے سفارتی وفدکے رکن خرم دستگیرنے کہا ہے کہ سفارتی محاذ پر بتادیا کہ اگر امریکا نے کردار ادا نہ کیا تو خطہ یقینی جنگ کی طرف بڑھ جائے گا، پاکستان ہندوستان کا راستہ بھی روک سکتا ہے اور شکست بھی دے سکتا ہے، ہندوستان امریکا کا اسٹریٹجک پارٹنر ہے اس کے جنگی جنون اور بخار کا علاج امریکا کے پاس ہے۔

انہوں نے واشنگٹن سے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سفارتی وفد کی نیویارک میں دو دن اہم ملاقاتیں ہوئیں، پاکستان اس وقت سکیورٹی کونسل کا منتخب رکن ہے، ہمیں انتہائی مثبت ردعمل ملا ہے، ہندوستان نے بین الاقوامی قوانین کو توڑا ہے، ہندوستان راہ فرار اختیار کررہا ہے، ہندوستان کے پاس بتانے کو کچھ نہیں کہ بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر حملہ کیوں کیا؟اس کے برعکس پاکستان کو بڑی پذیرائی مل رہی ہے، کہ پاکستان نے امن کی بات کی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی دانش کو سراہا جارہا ہے۔عسکری ایکشن ، سفارتکاری اور معلومات کے حوالے شفافیت کو بھی سراہا گیا ہے۔ واشنگٹن میں امریکی نمائندوں کی جانب سے کھل کر سوال ہوتا ہے کہ ہم کیا کرسکتے ہیں؟جس پر ہم کہتے ہیں کہ امریکا ہندوستان کا 25 سال سے اسٹریٹجک پارٹنر ہے، ہندوستان کو دوبارہ بین الاقوامی کی حدود میں واپس لانا ہوگا، ہندوستان کے جنگی جنون اور بخار کا علاج بھی امریکا نے کرنا ہے۔

اگر ہندوستان سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی اور دھمکی آمیز بیان جاری رکھتا ہے ، کہ روٹی کھاؤ ورنہ میری گولی تو ہے ہی، اس صورتحال میں امریکا اگر کردار ادا نہیں کرتا، تو پھر خطہ ایک یقینی جنگ کی طرف بڑھ رہا ہے، جنگ کا ہونا امریکا سمیت سب کیلئے تشویش کا باعث ہونا چاہئے۔ اگر ہندوستان کو واپس راہ راست پر نہیں لایا جاتا، پاکستان نے تو اپنی مضبوطی اورفوجی طاقت کا واضح ثابت کردی ہے کہ ہم ہندوستان کا راستہ روک بھی سکتے ہیں اور شکست بھی دے سکتے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود پاکستان امن چاہتا ہے تاکہ پاکستان اپنی قوم کی معاشی حالت بہتر کرنے میں توانائیاں صرف کرے۔ ہماری سفارتکاری کا ایجنڈا ہے کہ صدر ٹرمپ نے جو کردار ادا کیا اس پر عملدرآمد کا وقت آگیا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات