عثمان بزدار پنجاب کی تاریخ کے کمزور ترین اور مفلوج ترین وزیراعلی ثابت ہوئے‘عظمی بخاری

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار شہبازشریف سے مقابلہ کرنے کی بجائے پہلے خود کو بااختیار بنائیں‘ترجمان (ن) لیگ پنجاب

بدھ 4 مارچ 2020 16:17

عثمان بزدار پنجاب کی تاریخ کے کمزور ترین اور مفلوج ترین وزیراعلی ثابت ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2020ء) مسلم لیگ (ن)کی ترجمان عظمی بخاری نے کہا ہے کہ بزدار صاحب آپ نے پنجاب اسمبلی کو لاورث چھوڑ دیا ہے،ڈیڑھ سال میں لوکل گورنمنٹ اور آب پاک اتھارٹی جیسے متنازعہ قوانین پاس کرنے کے علاوہ آپ کی کارکردگی صفر ہے۔عظمی بخاری نے وزیر اعلی پنجاب کے بیان پر ردعمل کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ عثمان بزدار صاحب آپ نے لوکل گورنمنٹ پر شب خون مارا،اور اب تک اتحادی ہی اس بل پر متفق نہیں،بزدار صاحب آپ آب پاک اتھارٹی بل گورنر پنجاب چوہدری سرور کو نوازنے کیلئے لائے۔

اس متنازعہ قانون کے تحت چوہدری سرور آب پاک اتھارٹی میں ایک ہزار من پسند افراد کو بھرتی کررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ شہباز شریف نے پنجاب اسمبلی کو قانون سازی اور عوامی فلاح کے منصوبوں کا مرکز بنایا،شہبازشریف کی اسمبلی نے پنجاب کو تین میٹرو بسیں،اورنج لائن ،ہسپتال اور تعلیمی ادارے دئیے ۔

(جاری ہے)

شہبازشریف نے پنجاب کو نندی پور،حویلی بہادرشاہ،ساہیوال کول پاور اور قائد اعظم سولر پاور جیسے منصوبے دیے۔

بزدار صاحب آپ کی اسمبلی نے پنجاب کے عوام کو بے روزگاری،مہنگائی ،کچرا اور لنگر خانے دیے۔بزدار صاحب آپ نے اداروں میں اصلاحات کے نام پر سفارشی تقرریاں اور تبادلے دیے،آج پنجاب پولیس اور بیوروکریسی کو احکامات پاکپتن اور بنی گالہ سے مل رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بزدار صاحب شہبازشریف سے مقابلہ کرنے کی بجائے پہلے خود کو بااختیار بنائیں،بزدار صاحب آپ کے اختیارات جہانگیرترین،چوہدری سرور اور خاور مانیکا استعمال کررہے ہیں۔محکمہ اوقات اور پنجاب پولیس میں تقرریاں اور تبادلے بنی گالہ سے ہورہی ہیں۔عثمان بزدار پنجاب کی تاریخ کے کمزور ترین اور مفلوج ترین وزیراعلی ثابت ہوئے۔