او آئی سی کا اہم وفد یوسف الدوبے کی قیاد ت میں مظفرآباد پہنچ گیا ،صدر آزاد کشمیر سے طویل ملاقات

او آئی سی کی مسئلہ کشمیر پر جرات مندانہ حمایت کو کشمیری تحسین کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان مسئلہ کشمیر او آئی سی کے ایجنڈے میں سر فہرست ہے ، کشمیریوں کے ساتھ پورے استقلال کے ساتھ کھڑے ہیں، یوسف الدوبے

بدھ 4 مارچ 2020 21:41

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2020ء) اسلامی تعاون تنظیم کے جموں و کشمیر کے حوالے سے نمائندہ خصوصی یوسف الدوبے نے ایوان صدر مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان سے ملاقات کی اور اُن سے مقبوضہ جموں کشمیر اور بھارت میں ہونے والے واقعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ملاقات میں جموں و کشمیر پر اسلامی تعاون تنظیم کے نمائندہ خصوصی یوسف الدوبے کے علاوہ اسلامی تعاون تنظیم کے ایشیا امور کے ڈائریکٹر احمد السریر ، مسٹر عائدہ تومی، اسلامی تعاون تنظیم سیکرٹریٹ کے سیاسی امور کے انچارج فیصل آبرو کے علاوہ اسلامی ترقیاتی بینک کے پاکستان کے نمائندہ بھی موجود تھے ۔

ملاقات کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے یوسف الدوبے نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ اسلامی تعاون تنظیم کے ایجنڈے میں سر فہرست ہے اور تنظیم نے ہمیشہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے اس اہم مسئلے کے پُر امن سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں امن اور سلامتی کے لیے مسئلہ کشمیر کا پرُ امن حل ناگزیر ہے ۔

اُنہوں نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ گزشتہ سال پانچ اگست کو مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اپنے اقدامات کو واپس لے ۔ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور محاصرہ ختم کرے اور کشمیریوں کے بنیادی شہری حقوق فی الفور بحال کرے ۔ اُنہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی 2018 اور 2019 کی رپورٹ میں پیش کی گئی سفارشات پر عملدرآمد کیا جائے تاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق اور انسانی بحران کو حل کیا جا سکے ۔

اسلامی تعاون تنظیم کے کے وفد نے وزیراعظم پاکستان عمران خان ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور مختلف پارلیمنٹیرین سے ملاقاتیں کر کے تنازعہ کشمیر کے حوالے سے اہم بات چیت کی اور مسلمان ممالک کے اہم فورم کو مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے متحرک کردار ادا کرنے کے حوالے سے بات چیت کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اسلامی تعاون تنظیم میں نہ صرف 1994میں کشمیر رابطہ گروپ تشکیل دیا اور بعد میں تنظیم کے سیکرٹری جنرل نے جموں و کشمیر کے حوالے سے اپنا نمائندہ خصوصی مقرر کیا جو آج ہمارے درمیان موجود ہیں۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اُنہوں نے اپنے حالیہ دورہ جدہ کے دوران اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کر کے اُن سے درخواست کی تھی کہ وہ او آئی سی کا ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد آزاد کشمیر بھیجیںجس کے جواب میں کشمیر کے حوالے سے او آئی سی کے نمائندہ خصوصی یوسف الدوبے کی قیادت میں یہ وفد آزاد کشمیر کا دورہ کر کے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے زمینی حقائق جاننے کے لیے مظفرآباد پہنچا ہے ۔

اُنہوں نے اسلامی تعاون تنظیم کی طرف سے کشمیری عوام اور پاکستان کے اُصولی موقف پر پوری جرات اور استقلال کے ساتھ کھڑے رہنے پر کشمیری عوام کی طرف سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب بسنے والے کشمیریوں کو اسلامی تعاون تنظیم سے بہت توقعات وابستہ ہیں اور وہ یہ اُمید رکھتے ہیں کہ مسلم اُمہ کے اس پلیٹ فورم سے اُن پر ہونے والے ظلم و ستم اور اُن کی آزادی اور حق خود ارادیت کی جدوجہد کے لیے موثر آواز بلند کی جائے گی ۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت دنیا کے 57 ممالک کی طرف سے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی حمایت سے خوفزدہ ہے ۔ صدر سردار مسعود خان نے اسلامی تعاون تنظیم پر زور دیا کہ وہ اپنے مستقل انسانی حقوق کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کرتے ہوئے بھارت کے خلاف معاشی پابندیوں اور آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی اور آزاد خطے میں تعلیم اور معاشی ترقی کے لیے پیش کی گئی سفارشات پر عملدرآمد کے عمل کو تیز تر کرے۔ اسلامی تعاون تنظیم کا یہ وفد لائن آف کنٹرول کا دورہ کرنے کے علاوہ آزاد کشمیر میں اپنے قیام کے دوران زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کر کے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ضروری معلومات حاصل کر کے تنظیم کے سیکرٹری جنرل کو ایک جامع رپورٹ پیش کرے گا۔