امریکی وزیر دفاع کا مارچ کے تیسرے ہفتے میں پاکستان اور بھارت کا دورہ منسوخ

مارک ایسپر کا جنوبی اور وسطی ایشیا کا دورہ کورونا وائرس کے خطرے کے پیشِ نظر منسوخ کیا گیا: پینٹاگون

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 10 مارچ 2020 19:57

امریکی وزیر دفاع کا مارچ کے تیسرے ہفتے میں پاکستان اور بھارت کا دورہ ..
واشنگٹن (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ2020ء) : امریکی وزیر دفاع کا مارچ کے تیسرے ہفتے میں پاکستان اور بھارت کا دورہ منسوخ کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر کا پاکستان اور بھارت سمیت جنوبی اور وسطی ایشیا کا دورہ منسوخ کیا گیا ہے۔ پینٹاگون نے اس حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِدفاع کا دوران کورونا وائرس کے خطرے کے پیشِ نظر منسوخ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر کا مارچ کے تیسرے ہفتے میں پاکستان کا دورہ طے تھا۔ امریکی وزیر دفاع نے اپنے اس دورے کے دوران پاکستان میں سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقات کرنا تھی جس میں پاک امریکہ سیکیورٹی تعاون پر بات چیت کی جانی تھی، موجودہ حالات میں یہ دورہ بہت اہمیت کا حامل تھا کیونکہ افغانستان میں طالبان کے ساتھ امریکہ کے مذاکرات کامیاب ہوئے ہیں اور اس میں پاکستان کا بہت اہم کردار تھا، اس کے ساتھ مارک ایسپر نے بھارت کا بھی دورہ کرنا تھا۔

(جاری ہے)

امریکی وزیر دفاع کے دورے سے متعلق حتمی شیڈیولنگ جاری تھی، مارک ایسپر کے دورہ پاکستان کا مقصد امریکی صدر ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کی ڈیووس میں ملاقاتوں کا فالو اپ تھا لیکن اب یہ دورہ منسوخ کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے امریکی کامرس سیکریٹی ولبر راس بھی گزشتہ ماہ پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں جبکہ جنوری میں امریکہ کی معاون نائب وزیرخارجہ ایلس ویلز بھی پاکستان کا 4 روزہ دورہ مکمل کر کے واپس گئی تھیں۔

اپنے دورہ پاکستان کے دوران ایلس ویلز نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور دیگر حکام سے الگ الگ ملاقاتیں کی تھیں ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ملاقاتوں میں پاک امریکہ دوطرفہ امور اور اقتصادی شراکت داری پرتبادلہ خیال کیا گیا تھا۔اس سے قبل سابق امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس بھی دسمبر 2017میں پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں۔