عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے جس کو ہم پورا کررہے ہیں،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 13 مارچ 2020 18:28

عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے جس کو ہم پورا کررہے ہیں،ڈسٹرکٹ ..
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مارچ2020ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے جس کو ہم پورا کررہے ہیں ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا عمر فاروق نے اپنی پولیس کی کارکردگی کے ضمن میں تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کے احکامات پر اور انسپکٹر جنرل پولیس شعیب دستگیر و ریجنل پولیس آفیسر سہیل حبیب تاجک کی ہدایت پر پولیس اور عوام کے فاصلے کم کرنے کے لیے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیاگیا جس پر عوام میں پولیس کا اعتماد بحال ہوتا نظر آرہا ہے انہوں نے بتایا کہ ہم نے ستر اشتہاری مجرمان جبکہ دو ڈکیت گینگ اور اٹھائیس ناجائز اسلحہ کے مقدمات درج کیے اور ملزمان سے سترہ پسٹل ، پانچ کلاشنکوف،تین بندوق،تین رائفل برآمد کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں گرفتار کیا اسی طرح دو ڈکیت گینگ جو کہ بین الصوبائی تھے دینہ بائی پاس پر بیرون ممالک سے آنیوالے لوگوں سے آتشی اسلحہ کے زور پر انہیں لوٹ لیتے تھے جن کو ہم نے گرفتار کرکے تمام سامان برآمد کرکے ان کے مالکان کو واپس کیا انہوں نے بتایا کہ ہم نے ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے 3455چالان کیے جن پر دس لاکھ69ہزار پچاس روپے جرمانہ ہوا اسی طرح منشیات فروشی کے خلاف آپریشن کرکے 43منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے لاکھوں روپے کی منشیات جن میں 172بوتلیں شراب 70کلو 327گرام چرس ،ایک کلودو سو گرام افیون برآمد کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ قمار بازی کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے قمار کے اڈوں پر چھاپے مار کر 54ہزار سات سو ساٹھ روپے برآمد کیے اور 21ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کیے ۔انہوں نے کہاکہ ضلع کے گیارہ تھانوں کے ساتھ ساتھ تمام چوکیات میں سنیپ چیکنگ کا نظام تشکیل دیا گیا ہے جس کے لیے تمام کو میں نے اچانک دورہ کرکے ایک تو تمام ریکارڈ کو اپ ٹو ڈیٹ رکھنے کی اور تفتیش کو میرٹ پر کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کی گرین اینڈ کلین مہم کے تحت ڈسٹرکٹ پولیس لائن میں تین سے پچاس سے زائد پودے لگائے ہیں اور تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے تھانوں کا ماحول بہتر بنانے کے لیے پودے لگا کر صحت افزا ماحول بنائیں۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو ڈرائیونگ کے لائسنس کے حصول میں مشکلات درپیش تھی اور ٹریفک سٹاف پر کرپشن کے الزامات لگتے تھے جس کو دور کرنے کے لیے نا صرف ڈرائیونگ سکول بنایا گیا بلکہ جدید ٹیکنالوجی سسٹم کے ذریعے ایسا نظام ترتیب دیاگیا کہ اس میں کرپشن کے تمام معاملات ختم کردیئے گئے جبکہ تمام نوجوانوں کو میرٹ پر لائسنس جاری ہونگے اور ہر فرد اپنی اہلیت کے مطابق لائسنس حاصل کر سکیں گاکیونکہ اس کے لیے ٹیسٹ سنٹر اور انتظار گاہ بنا دی گئی ہے جس سے لوگ ریلیف حاصل کر رہے ہیں انہوں نے بتایا کہ ڈکیتیاں اور چوریاں کرنیوالا مسعود گینگ گرفتار کرکے جن کا تعلق میرپور آزاد کشمیر گوجرانوالہ اور طور سے ہے ان سے چار موٹر سائیکل،ستر بکریاں،ایک کلاشنکوف،ایک کاربین جن کی مالیت چھ لاکھ روپے بنتی ہے برآمد کرکے انہیں گرفتار کرلیاگیا۔

اسی عامر جہانگیر گینگ کو گرفتار کرکے ان سے تقریباً چوالیس لاکھ روپے کا مال مسروقہ برآمد ہواجبکہ ان سے برآمد ہونیوالی تین گاڑیاں اصل مالکان کے حوالے کردی گئی انہوں نے بتایا کہ مسماة فرزانہ بیگم اور اس کے چار معصوم بچوں کو قتل کرنیوالے ملزم نادر کو میرپور آزاد کشمیر سے چوبیس گھنٹے کے اندر گرفتار کرلیاگیا۔انہوں نے بتایا کہ عثمان بٹ ساکن لاہور جو کہ ڈکیت گینگ کا سرغنہ تھا عرصہ دراز سے پولیس کو مطلوب تھا اس گینگ کے تین افراد کو گرفتار کرکے ان سے چھینی گئی فارن کرنسی طلائی زیورات پاسپورٹ سفری دستاویزات اور وارداتوں میں استعمال ہونیوالا آتشی اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پولیس افسران اور ایس ایچ اوز کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آنیوالے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئے اور ان کی داد رسی کریں۔ جبکہ ضلع میں کرپشن کا باب بند ہو چکا ہے اب عوام کے کام قانون اور میرٹ کے مطابق ہونگے جس کیلئے ہر وقت میرے دفتر کے دروازے کھلے ہیں اور عوام کے مسائل حل کرکے ان کی داد رسی کرنا میری ذمہ داری میں شامل ہے جس کو میں پورا کرونگا۔