آرمی چیف کی ونگ کمانڈر نعمان اکرم شہید کے گھر آمد

جنرل قمرجاوید باجوہ کی شہید نعمان اکرم کے اہلخانہ سے فاتحہ خوانی اوراظہارتعزیت کیا، شہید کی قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 15 مارچ 2020 21:44

آرمی چیف کی ونگ کمانڈر نعمان اکرم شہید کے گھر آمد
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مارچ 2020ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ آج ونگ کمانڈرنعمان اکرم شہید کے گھر پہنچ گئے، انہوں نے شہید نعمان اکرم کے اہلخانہ سے اظہارتعزیت کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نعمان اکرم شہید کے اہلخانہ سے ملاقات کی ، جس میں آرمی چیف نے شہید کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ملک امن واستحکام شہداء کی قربانیوں کا مرہون منت ہے۔شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ اس سے قبل بھی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ایف 16 طیارہ حادثے میں شہید ونگ کمانڈر نعمان اکرم نے فرض کی ادائیگی کے دوران جان قربان کی، اس سے بڑی کوئی قربانی نہیں ہو سکتی، اللہ تعالیٰ شہید کو جوار رحمت میں بلند درجہ عطا فرمائے شہید کے اہلخانہ کے غم میں برابر میں شریک ہیں۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایف 16 طیارہ حادثے میں شہید ونگ کمانڈر نعمان اکرم کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ آرمی چیف نے کہا ہے کہ ونگ کمانڈر نعمان اکرم نے فرض کی آدائیگی کے دوران شہادت پائی ہے۔ اپنی جان مادر وطن پر وار دینے سے بڑی قربانی کوئی نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ شہید کو جوار رحمت میں بلند درجہ عطا فرمائے ۔

میری دعائیں غمزدہ خاندان کے ساتھ ہیں لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ واضح رہے 11مارچ کو اسلام آباد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا۔ پاک فضائیہ کا طیارہ گر کرتباہ ہوا، جس میں پاک فضائیہ کے ونگ کمانڈر نعمان اکرم بھی شہید ہو گئے۔ شہید نعمان اکرم نے 2019ء میں ہونے والے انٹر سکوارڈرن آرمیمنٹ مقابلے میں بہترین سکور حاصل کیا۔

شہید پائلٹ نے شیر افگن ٹرافی حاصل کی تھی۔ طیارہ اسلام آباد کے علاقے شکر پڑیاں کے قریب چاند تارا کے جنگل میں گرا۔ طیارہ گرنے کے بعد دور سے ہی دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دئیے۔ اس سے قبل کہا جا رہا تھا کہ شاید یہ کوئی مسافر طیارہ ہے تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ یہ پاک فضائیہ کا جنگی ایف16طیارہ ہے جو ریہرسل کے دوران گر کر تباہ ہوا۔یہ ریہرسل یوم پاکستان کی تقریب کی تیاریوں کے حوالے ہورہی تھی۔