نئے انتظامی یونٹ ناگزیر ہیں، تحریک صوبہ ہزارہ

پیر 16 مارچ 2020 23:17

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2020ء) تحریک صوبہ ہزارہ کے سابق سیکرٹری جنرل سردار فدا حسین نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبہ کیلئے مرحوم بابا حیدر زمان نے آواز اٹھائی تھی، ملک میں نئے انتظامی یونٹ ناگزیر ہیں، صوبہ کی جنگ اب ایوانوں تک پہنچ چکی ہے، ہزارہ کے منتخب اراکین اسمبلی و سینٹ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر جدوجہد کریں ہم ساتھ دیں گے، تحریک دبنے کا پرچار کرنے والے جان لیں بابا حیدر زمان کا فلسفہ زندہ ہے۔

(جاری ہے)

وہ سوموار کو یہاں ایبٹ آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق امیدوار قومی اسمبلی حاجی ایاز خان جدون، تحریک انقلاب کے چیئرمین سید مصدق شاہ، پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری سرفراز خان جدون، ہزارہ ہومیو ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر مسعود اختر تنولی، زرین کوہستانی، قاری عبدالرشید بالاکوٹی، سجاد قریشی، عدیل شیخ، فواد جدون، سردار مصری خان، سردار حکم داد ایڈووکیٹ کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔ سردار فدا حسین نے کہا کہ حکومت جنوبی پنجاب صوبہ کیلئے بل لا رہی ہے، ایجنڈا میں صوبہ ہزارہ کو بھی شامل کرے۔