پاکستان میں کرونا وائرس کا ایک اور مریض جاں بحق ہوگیا

وائرس سے متاثرہ جاں بحق ہونے والے دوسرے شخص کا تعلق بھی خیبرپختونخواہ سے ہے، 36 سالہ عبد الفتح پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زیر علاج تھا

muhammad ali محمد علی بدھ 18 مارچ 2020 23:11

پاکستان میں کرونا وائرس کا ایک اور مریض جاں بحق ہوگیا
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مارچ2020ء) پاکستان میں کرونا وائرس کا ایک اور مریض جاں بحق ہوگیا، وائرس سے متاثرہ جاں بحق ہونے والے دوسرے شخص کا تعلق بھی خیبرپختونخواہ سے ہے، 36 سالہ عبد الفتح پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زیر علاج تھا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر صحت خیبرپختونخواہ تیمور سلیم جھگڑا نے ملک میں کرونا وائرس کے 2 مریضوں کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔

صوبائی وزیر صحت نے بتایا ہے کہ جاں بحق ہو جانے والے ایک شخص کا تعلق مردان سے تھا۔ 50 سالہ سعادت خان کچھ روز قبل ہی سعودی عرب سے واپس آیا تھا، جبکہ حال ہی میں اس کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ سعادت خان کا علاج کیا جا رہا تھا تاہم اب وہ انتقال کر گیا ہے۔ جبکہ کرونا وائرس سے متاثرہ دوسرے جاں بحق شخص کا تعلق ہنگو سے تھا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ 36 سالہ عبد الفتح پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زیر علاج تھا۔

عبد الفتح کو بخار، زکام اور سانس میں دشواری کی شکایت تھی، جبکہ اس کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔ دوسری جانب ملک بھر سے رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس مریضوں کی تعداد 297 تک جا پہنچی ہے۔ سندھ میں رپورٹ ہونے والے تمام کرونا وائرس مریضوں کو قرنطینہ میں شفٹ کر دیا گیا ہے اور ان کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔ سندھ کے 208 کیسز کے علاوہ پنجاب میں کرونا وائرس کے 33 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، گلگت بلتستان میں 13، آزاد کشمیر میں 1 ، اسلام آباد میں 7، خیبرپختونخواہ میں 19 اور بلوچستان میں 16 کیسز رپورٹ ہو چکے۔

جبکہ پاکستان میں کرونا وائرس کے 2 مریضوں کی واقع ہونے کی بھی تصدیق کر دی گئی ہے۔ اس تمام صورتحال میں سندھ اور خیبر پختونخواہ حکومتوں نے صوبوں کو محدود حد تک لاک ڈاون کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ صوبہ پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کی جا چکی۔