سیاسی قیدیوں کو فوراً رہا کیا جائے، مفتی اعظم مقبوضہ کشمیر کا مطالبہ

سری نگر جیل میں کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کا شدید خطرہ ہے، مفتی اعظم ناصر الاسلام

جمعرات 19 مارچ 2020 22:51

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مارچ2020ء) مقبوضہ کشمیر کے مفتی اعظم ناصر الاسلام نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہندوستان کی مختلف جیلوں میں رکھے گئے کشمیری سیاسی قیدیوں کو فی الفور رہا کیا جائے کیونکہ انہیں کورنا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق، مفتی اعظم مقبوضہ کشمیر نے سری نگر سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی حکومت کو کورونا وائرس کے حوالے سے سنگین اور ہنگامی صورتِ حال کو سمجھنا چاہیے اور معمولی جرائم میں گرفتار قیدیوں کو فوراً ان کے گھروں پر منتقل کردینا چاہیے۔

(جاری ہے)

’’سری نگر جیل میں کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کا شدید خطرہ ہے،‘‘ انہوں نے اپنے بیان میں کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ مقبوضہ کشمیر میں فی الحال کورونا وائرس پھیلنے کا کوئی خدشہ نہیں جس کے پیشِ نظر مساجد کو نماز کیلیے بند کردیا جائے، لیکن اگر ضرورت پڑی تو اس بارے میں بھی کوئی مناسب فیصلہ کیا جائے گا۔اسی کے ساتھ انہوں نے ہفتے کے روز مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے بارے میں مناسب لائحہ عمل پر بات چیت کیلیے تمام مکاتبِ فکر کے نمائندوں خصوصی اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں بریلوی، دیوبندی، اہلحدیث اور شیعہ علما شرکت کریں گے۔