وادی تیراہ سے لاپتہ کم سن بھائیوں کا کچھ پتا نہ چل سکا

20 افراد کو زیر حراست میں لیے جانے کے باوجود بچوں کو بازیاب نہ کرایا جا سکا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 20 مارچ 2020 15:31

وادی تیراہ سے لاپتہ کم سن بھائیوں کا کچھ پتا نہ چل سکا
ضلع خیبر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 مارچ 2020ء، نمائندہ خصوصی، حُسین آفریدی) وادی تیراہ کے علاقہ نرحاو برقمبرخیل سے لاپتہ ہونے والے دو بھائیوں کو 14 دن گزرنے کے باوجود بازیاب نہ کیا جاسکا ۔انتظامیہ نے اب تک 20 سے زیادہ افراد کو حراست میں لیا لیکن بچوں کا کوئی پتہ نہیں چل سکا۔ مجیب الرحمان صدر خیبر یونین اف پاکستان کے مرکزی صدر نے پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا انضمام کے بعد قبائلی علاقے باقاعدہ خیبر پختونخواہ کا حصہ ہیں۔

وہاں کے انتظامی امور بھی دیگر اضلاع کی طرح خیبر پختونخواہ کے زیر انتطام ہیں۔ لہٰذا ہم خیبر یونین اف پاکستان آپ میڈیا حضرات کی توسط سے اہم مسئلہ حکام بالا تک پہنچانے کیلئے کوشش کرتے ہوئے آئے ہیں۔ قبائلی علاقہ ضلع خیبر تحصیل باڑہ میں 7 مارچ 2020 بروز ہفتہ وادی تیراہ کے علاقے نرحاو میں سکول جاتے ہوئے دو کم سن طالب علم لاپتہ ہوگئے جن کے نام آصف 7 سالہ اور منصف 12 سالہ پسران شفیق آفریدی ہیں۔

(جاری ہے)

جو کہ 14 دن گزرنے کے باوجود مقامی پولیس کی کمزور تفتیشی نظام کی وجہ سے تاحال لاپتہ ہیں۔ اس کیس میں 20 افراد سے زیادہ کی گرفتاری کے باوجود بھی ان بچوں کی بازیابی نہ ہوسکی اور ہم سول انتظامیہ اور ضلع خیبر پولیس کے تفتیش سے بلکل مطمئن نہیں ہیں۔ اس لیے ہم خیبر یونین اف پاکستان وزیراعلء خیبر پختونخواہ جناب محمود خان چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ اور انسپکٹر جنرل آف پولیس ثناء اللہ عباسی صاحب سے پرزور اپیل کرتے ہیں۔

کہ اس کیس کا ازخود فوری نوٹس لے کر خصوصی انوسٹی گیشن ٹیم بناکر تحقیقات کی جائے اور ان چھوٹے معصوم بچوں کو جلد از جلد بازیاب کرکے ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے ۔ کیونکہ قبائلی علاقہ ضلع خیبر میں اس نوعیت کا یہ پہلا اور واقعہ ہے اور اس سے پہلے ضلع خیبر میں کبھی بھی ایسا واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔اس واقعہ کے بعد علاقائی لوگوں میں بہت تشویش پائی جاتی ہیں اور لوگ اپنے بچوں کی تعلیم کیلئے بہت فکرمند ہیں کہ ان کے بچوں کیساتھ ایسا کوئی واقعہ نہ ہو۔پریس کانفرنس میں حارث خان ہاشم خان،مراد خان ساقی، عبدالصمد،عبدالباقی سلطان میر ،حاجی کامران محمد صدیق ،رفیع اللہ ،شاکر عالم اور خیبر سٹوڈنٹس یونین کے کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔