دبئی میں11روزہ سٹئیرلائزیشن مہم چلانے کا فیصلہ

ہفتے کے روز سے ریاست کی 95سے زائد شاہراہوں اور ان کے مضافات میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے سپرے اور صفائی کی مہم شروع کی جائے گی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 20 مارچ 2020 23:26

دبئی میں11روزہ سٹئیرلائزیشن مہم چلانے کا فیصلہ
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 مارچ 2020ء) کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے حکومت نے دبئی میں 11روزہ سٹئیرلائزیشن مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہفتے کے روز سے ریاست کی 95سے زائد شاہراہوں اور ان کے مضافات میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے سپرے اور صفائی کی مہم شروع کی جائے گی۔ حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈس انفیکشن کی سخت مہم نہ صرف دبئی کی بڑی سڑکوں کا احاطہ کرے گی بلکہ گلیوں والی آبادی کے ساتھ ساتھ داخلی لینوں کو بھی مہم میں شامل کیا جائے گا جس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ ) متحدہ عرب امارات میں حکومت کی جانب سے کور ونا وائرس کے عفریت پر قابو پانے کی بھر پور کوششیں کی جا رہی ہیں، تاہم بہترین احتیاطی انتظامات کے باوجود کورونا وائرس کی بلا اماراتی سرزمین سے رخصت ہونے کا نام نہیں لے رہی۔

(جاری ہے)

اماراتی وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مملکت میں گزشتہ روز مزید 27 افراد کورونا وائرس کا نشانہ بن گئے ہیں۔

تازہ ترین 27 مریضوں میں کورونا کی تشخیص کے بعد مملکت میں اس موذی وائرس سے متاثرہ افراد کی گنتی 140تک جا پہنچی ہے۔ نئے مریضوں کو قرنطینہ منتقل کر دیا گیا ہے اور ان سے رابطے میں رہنے والے افراد کے بھی ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ تاہم ایک اچھی خبر یہ ہے کہ امارات میں اب تک کورونا وائرس کا شکار ہونے والے 31 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔جنہوں واپس گھروں کو بھیج دیا گیا ہے۔

ایک پریس کانفرنس کے دوران وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے اماراتی حکومت اور اداروں نے بہترین انتظامات کر رکھے ہیں ، جس کی وجہ سے اس نے خوفناک وبا کی صورت اختیار نہیں کی۔ وزارت صحت کے ترجمان نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ کورونا کے پھیلاؤ کی روک تھام میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ اس سلسلے میں سب سے بڑی احتیاط یہ ہے کہ آپس میں میل جول کم کر دیں، لوگوں سے ملاقات کے وقت ان سے دُور رہیں۔

ابوظہبی کے محکمہ صحت کی اعلیٰ عہدے دار ڈاکٹر فریدہ الحسینی نے کہا ہے کہ وہ اماراتی سٹوڈنٹس جو بیرون ملک رہنے کے بعد واپس امارات پہنچ رہے ہیں، ان کے گھروں میں ہی رکھ کر ان کا قرنطینہ کا عمل پُورا کیا جائے گا۔ وزارت صحت کی جانب سے عوام کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ کورونا کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کریں اور ممکنہ حد تک احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔