سعودی عرب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھنے لگی

آج اتوار کے روز119 نئے کیسز کی تصدیق ہوگئی، جس کے بعد مجموعی تعداد511 ہوگئی، جبکہ 17 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔ سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 22 مارچ 2020 23:04

سعودی عرب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھنے لگی
ریاض (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مارچ 2020ء) سعودی عرب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھنے لگی، آج اتوار کے روز119 نئے کیسز کی تصدیق ہوگئی، جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 511 ہوگئی ہے۔ سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے پریس کانفرنس میں کورونا وائرس کے 119 نئے کیسز کی تصدیق کردی ہے۔ ان نئے کیسز میں 72 کا تعلق مکہ مکرمہ، 34 کا ریاض ،4 دمام، 4 قطیف، 3 کا تعلق الاھساء، 3 الخوبر، ایک کا تعلق ظہران اور ایک کا القصیم سے ہے۔

ترجمان نے کہا کہ نئے کورونا مریضوں کو تشخیص کے بعد الگ تھلگ کردیا گیا ہے۔ سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ابھی تک سعودی عرب میں 23 ہزار افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ اسی طرح لوگوں میں وائرس سے بچاؤ کی آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے، تاکہ لوگ گھروں میں ہی مقیم رہیں اور سماجی رابطوں سے گریز کریں۔

(جاری ہے)

لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گھروں میں بھی اجتماعات خطرناک ہیں اور پانچ سے بیس افراد تک لوگوں کے اکٹھا ہونے کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے۔

دوسری جانب عالمی صورتحال کو دیکھا جائے تو دنیا بھر میں تقریبا ایک بلین لوگ کورونا وائرس کے باعث گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں، اور 13ہزار افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں۔ جبکہ یورپ کے زیادہ ترآبادی اموات کی طرف جارہی ہے، اسی طرح اٹلی میں صرف ایک روز میں800 اموات کورونا وائرس کے باعث ہوئی ہیں۔ متحدہ امارات میں ہفتے کو 13نئے کیسز رپورٹ ہوئے اسی طرح دنیا بھر میں 3لاکھ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد میں 92 ہزار افراد صحت یاب بھی ہوگئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 714 تک ہوگئی ہے۔ ہفتے کی رات 12بجے تک کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 630 تھی لیکن اب سندھ پنجاب اور گلگت میں مریضوں کی تعداد بڑھنے سے 714 تک ہو گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سندھ میں نئے مریض41، پنجاب میں 27 اور گلگت بلتستان میں 16 کی تصدیق ہوئی ہے۔ جس کے بعد سندھ میں کورونا مریضوں کی کل تعداد 333، پنجاب 163، بلوچستان 104، خیبرپختونخواہ 31، گلگت بلتستان71، اسلام 11، کشمیر میں ایک مریض کورونا سے متاثرہ ہے۔

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پاکستان میں اس وقت مشتبہ مریضوں کی تعداد 5650 ہے۔ انہوں نے کہا کہ5 ہزار ڈاکٹرز کو کورونا وائرس کے علاج کی تربیت دی جائے گی۔ پھر اس سے مزید ڈاکٹرز کو تربیت کا سلسلہ جاری رہے گا۔