کورونا کیخلاف جنگ ،قومی کرکٹرز 50لاکھ روپے فنڈ دینگے

پی سی بی کا حکومتی ہاتھ مضبوط کرنے کیلئے اہم اقدام،بورڈملازمین بھی تعاون کرینگے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 26 مارچ 2020 11:20

کورونا کیخلاف جنگ ،قومی کرکٹرز 50لاکھ روپے فنڈ دینگے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26مارچ2020ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں مصروف حکومتی ہاتھ مضبوط کرنے کیلئے اہم ترین قدم اٹھاتے ہوئے سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ پلیئرز اور بورڈ ملازمین کی جانب سے ایمرجنسی فنڈ میں مالی تعاون کا فیصلہ کرلیا ہے ۔پی سی بی ذرائع کے مطابق سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ قومی کھلاڑی اجتماعی طور پر 50لاکھ روپے کی رقم فنڈ میں جمع کرائیں گے جبکہ پی سی بی کے سٹاف میں شامل سینئر منیجرز کی پوسٹ کے حامل افراد ایک دن اور جنرل منیجرز یا اس سے اوپر کے افسران 2دن کی تنخواہیں فنڈ میں دینگے ۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ مشکل وقت میں پی سی بی ہمیشہ اپنے ہم وطنوں کیساتھ کھڑا رہا ہے اور چونکہ مقامی اور وفاقی حکومتوں کے ساتھ ہیلتھ ورکرز کو کڑے وقت کا سامنا ہے تو وہ متاثر افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے ان کی بحالی اور ملک سے کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے حکومت کی چھوٹی سی مالی مدد کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

احسان مانی کا کہنا تھا کہ وہ اس بات سے واقف ہیں کہ معاشرے کے دیگر مخیر حضرات کی طرح ملکی کرکٹرز اور پی سی بی کے سٹاف میں شامل افراد اپنے طور پر بھی مقامی حکومتوں اور امدادی کاموں میں مصروف تنظیموں کی مدد کرتے رہے ہیں تاہم وہ پی سی بی کی جانب سے ان کے اس حالیہ اقدام کیلئے شکرگزار ہیں۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ قوموں کی کامیابی کیلئے مشکل حالات میں افراد کا یکجا ہونا پیمانہ سمجھا جاتا ہے اور یہی بہترین موقع ہے کہ سب کو متحد ہو کر ایک ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا۔