کرونا ،پاکستان کا مقبوضہ جموں کشمیر میں صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار

مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کو بنیادی سہولیات تک رسائی دینے کا مطالبہ دنیا بھر میں مختلف ایئرپورٹس پر پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے پاکستانی مشنز کام کر رہے ہیں،ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی

جمعرات 26 مارچ 2020 20:27

کرونا ،پاکستان کا مقبوضہ جموں کشمیر میں صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2020ء) کورونا وائرس کے پھیلائوکے خدشات کے پیش نظر پاکستان نے مقبوضہ جموں کشمیر میں صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کو بنیادی سہولیات تک رسائی دینے کا مطالبہ کر دیا۔ جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں صورتحال پر سخت تشویش ہے،مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر شہریوں کو بنیادی سہولیات تک رسائی دی جائے اور بھارتی حکومت فوری کمیونیکیشن لاک ڈاؤن ختم کرے،ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ دفتر خارجہ میں ایمرجنسی سنٹر مسلسل قائم کر رہا ہے،کرائسس منیجمنٹ سیل دفتر خارجہ تمام پاکستانی مشنز سے رابطے میں ہے جبکہ دنیا بھر میں مختلف ایئرپورٹس پر پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لئے پاکستانی مشن کام کر رہے ہیں،سعودی عرب، یو اے ای اور قطر کے علاوہ بنکاک سے پاکستانی واپس لائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطوں کے حوالے سے بتایا کہ وزیرخارجہ نے ایران، مالدیپ، جرمنی، سپین ترکی کے سمیت مختلف وزرائے خارجہ سے فون پر رابطے کئے ہیں،وزیرخارجہ نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے مشترکہ حکمت عملی پر زور دیا،فرانس اور جرمنی کے وزرائے خارجہ سے بات چیت میں وزیرخارجہ نے ایران پر پابندیوں کا معاملہ اٹھایاترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کورونا وائرس سے پاکستان سمیت پوری دنیا کو چیلنج کا سامنا ہے،وزیرخارجہ نے سارک وزرا صحت کی جلد ویڈیو کانفرنس پر زور دیا ہے۔