Live Updates

کاروباری اداروں کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے یوٹیلٹی بلوں کی وصولی موخر کی جائے،محمد احمد وحید

بجلی کے موجودہ ریٹ صنعت و تجارت کیلئے تباہ کن ہیں،صنعتوں کو بھیجے گئے بجلی کے بلوں کی وصولی موخر کر کے تین اقساط میں ادا کرنے کی مہلت دی جائے، صدر اسلام آباد چیمبر

جمعرات مارچ 21:20

کاروباری اداروں کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے یوٹیلٹی بلوں کی وصولی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2020ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ موجودہ مشکل حالات کے پیش نظر کاروباری اداروں سے یوٹیلٹی بلوں کی وصولی چند ماہ کیلئے موخر کی جائے تا کہ وہ دیوالیہ ہونے سے بچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو بھیجے گئے بجلی کے بلوں کی وصولی موخر کر کے تین اقساط میں ادا کرنے کی مہلت دی جائے۔

محمد احمد وحید نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے گذشتہ ایک ماہ سے کاروباری سرگرمیوں پر سقوط کا عالم طاری ہے جس وجہ سے کاروباری ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی پیداوار تقریبا بند ہو چکی ہے جبکہ جو مال تیار کیا گیا ہے اس کی کھپت بھی رک گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ان حالات میں کاروباری اداروں کیلئے اپنے روزمرہ اخراجات پورے کرنا مشکل ہو گیا ہے جبکہ مزدوروں کی تنخواہیں بھی اپنی جیب سے دینے پڑ رہے ہیں لہذا کاروباری اداروں کیلئے یوٹیلٹی بلوں کی وصولی موخر کرنے سے ان کو کچھ ریلیف مل جائے گا۔

آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ پاکستان میں صنعتی بجلی کی قیمت بہت زیادہ ہے جس وجہ سے پیداواری لاگت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ ان حالات میں مقامی اور انٹرنیشنل آرڈرز پورے کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی زیادہ قیمت کی وجہ سے کئی کاروبار اور صنعتیں شدید مشکلات کا شکار ہیں اور ڈیفالٹ کے خطرے سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے صنعتی شعبے کیلئے امدادی پیکج کا اعلان تو کر دیا ہے لیکن اس سے بھی ان کو تباہی سے بچانا بہت مشکل لگتا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ صنعتکاروں اور خاص طور پر سٹیل انڈسٹری کیلئے بھی بیل آئوٹ پیکج کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہا کہ کروناوائرس جیسی ناگہانی آفت میں تاجر وصنعتکار برادری حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ایسے وقت میں مزدورں کا بوجھ برداشت کر رہی ہے جب وہ کام کرنے سے قاصر ہیں۔
کرونا وائرس کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات