کورونا وائرس سے بچنے کے لئے گھروں میں اپنے آپ کو قید کرلینا پہلا اور آخری علاج ہے

میڈیکل سے وابستہ افراد کو بھی اپنا حصہ ڈالنے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر سید جنید علی شاہ

جمعرات 26 مارچ 2020 21:28

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر اور معروف آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لئے گھروں میں اپنے آپ کو قید کرلینا پہلا اور آخری علاج ہے، میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ اگر تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرلیں تو ہم اس کرونا کو شکست دے سکتے ہیں ،لیکن مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ ہماری عوام اس کو سنجیدہ نہیں لے رہی، یہ وائرس جسم میں داخل ہونے کے بعد 14 دن میں علامات ظاہر کرتا ہے جس میں کھانسی، گلے میں تکلیف، سانس لینے میں دشواریء، بخار کی علامت وغیرہ شامل ہیں۔

ایسی صورتحال اگر نظر آے تو فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں ،اسکے علاوہ اپنے آپکو محفوظ رکھنے کیلئے جو اہم احتیاطی تدابیر ہیں اس پر سنجیدگی سے عمل کریں جس میں مسلسل ہینڈ واش کرنا، ماس کا استعمال، گالوز پہننا، سینیٹائزر اگر دستیاب نہ ہو تو پانی میں ڈیٹول ڈال کر اس سے ہینڈ واش کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کو جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اہم احتیاط اپنے آپکو تنہا رکھنا ہے کچھ دن لوگوں سے ملنا جلنا ترک کردیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ اپنے طور پر کافی اچھے اقدامات کررہی ہے لیکن خاص طور پر میڈیکل سے وابستہ افراد کو بھی اپنا حصہ ڈالنے کی ضرورت ہے، یہ وقت اپنی قوم کی خدمت اور اپنے پیشے سے عہد وفا کرنے کا ہے، میڈیکل اسٹاف کے پاس انسانیت کی خدمت کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں، ہم سب متحد ہوکر کورونا وائرس کو شکست دے سکتے ہیں۔ ڈاکٹر جنید علی شاہ نے کہا کہ حکومت نے ایکسپو سینٹر کراچی میں قرنطینہ سینٹر قائم کیا ہے جس میں میڈیکل اسٹاف کی اشد ضرورت ہے، مجھے افسوس ہے کہ میڈیکل سے وابستہ افراد اس کار خیر میں اپنا حصہ ڈالنے کے بجائے اپنا دامن بچارہے ہیں، میری ان سے اپیل ہے کہ اسکو قومی فریضہ سمجھ کر میدان میں آئیں اور حکومت کا ہاتھ بٹائیں، یہ وقت گھر میں بیٹھنے کا نہیں قوم کی خدمت کرنے کا ہے۔

ڈاکٹر جنید علی شاہ نے مخیر حضرات سے بھی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ قرنطینہ سینٹر میں ابھی کافی ضروری سامان کی ضرورت ہے لہذا وہ اس حوالے سے عطیات دیکر حکومت کی معاونت میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، قومیں اپنے ان محسنوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں جنہوں نے انسانیت کی خدمت میں کسی بھی لحاظ سے اپنا حصہ ڈالاہو۔ آج بھی پاکستانی قوم عبدالستار ایدھی کے نا قابل فراموش کارناموں پر رشک کرتی ہے۔