حکومت شہریوں کو ان کی دہلیز پر سہولیات دینے کیلئے کوشاں

اسلام آباد کے شہری گھر بیٹھے ای پولیسنگ،ایمرجنسی سروسزاورضروری سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے،کورونا وائرس کے پیش نظر اپیلی کیشن مدد گار ثابت ہو گی ،ایسی ایپلی کیشن کا لانچ پاکستان میں انقلاب کے برابرہے،عمران خان

جمعرات 26 مارچ 2020 22:00

حکومت شہریوں کو ان کی دہلیز پر سہولیات دینے کیلئے کوشاں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2020ء) وزیراعظم عمران خان کی اسلام آباد کے شہریوں کو دہلیز پر سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے بڑی کوشش ، آن لائن سہولتوں کی فراہمی کیلئے جدید ایپلی کیشن لانچ کر دی گئی ۔تفصیلات کے مطابق شہریوں کو آن لائن 43 مختلف سہولتیں دی جائیں گی ، شہری گھر بیٹھے ای پولیسنگ،ایمرجنسی سروسزاورضروری سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گی جبکہ اس کے علاوہ ڈومیسائل،شناختی کارڈ،اراضی فرد،اسلحہ لائسنسزآن لائن ملیں گے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے لانچ کی گئی نئی ایپلی کیشن سے گاڑیوں کی رجسٹریشن ، ٹوکن ٹیکسز کی ادائیگی کی سہولت بھی میسر آ ئے گی جبکہ پیدائش اور ڈیتھ سرٹیفکیٹس کیلئے اب دفاتر کے چکر بھی نہیں لگانے پڑیں گے ۔ایپلی کیشن ضلعی انتظامیہ ، نیشنل آئی ٹی بورڈ اورنادراکے اشتراک سے تیار کی گئی ہے ۔وزیراعظم عمران خان کا کہناتھا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر اپیلی کیشن مدد گار ثابت ہو گی ،ایسی ایپلی کیشن کا لانچ پاکستان میں انقلاب کے برابرہے، دفاترکے چکرلگانیوالے عام آدمی کی زندگی متاثرہوتی ہے، اسلام آبادمیں ایپ کامیاب ہوئی تودیگرشہروں میں بھی لانچ کریں گے۔