Live Updates

مریم نواز کی تصویر والا جھنڈا لگانے پر کالج پرنسپل کا مؤقف آگیا

کالج کے طلباء وزیرِاعلیٰ پنجاب کے اقدامات سے بہت متاثر ہیں، اُنہوں نے درخواست کی کہ میں انہیں خراجِ تحسین پیش کروں، حوصلہ افزائی کے ارادے اور بغیر کسی سیاسی تشہیر کے یہ کام کیا؛ محکمہ تعلیم کو تحریری وضاحت

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 16 اکتوبر 2025 12:56

مریم نواز کی تصویر والا جھنڈا لگانے پر کالج پرنسپل کا مؤقف آگیا
کھاریاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اکتوبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تصویر کا جھنڈا لگانے پر کالج پرنسپل کا مؤقف آگیا۔ بی بی سی کے مطابق گجرات میں سرکاری کالج کی عمارت پر پاکستان کے جھنڈے کے ساتھ وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تصویر والا پرچم لگانے پر صوبائی محکمہ تعلیم نے کالج کے پرنسپل کو وارننگ جاری کرتے ہوئے آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت کردی، اس سلسلے میں محکمہ تعلیم کی طرف سے جواب طلبی کے بعد کالج پرنسپل نے اپنا تحریری مؤقف ارسال کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مریم نواز کے اقدامات سے بہت متاثر ہوں، اسی لیے کالج کی عمارت پر وزیراعلیٰ کی تصویر والا جھنڈا نصب کیا گیا۔

کالج پرنسپل کا کہنا ہے کہ جھنڈا نصب کرنا ان کا ذاتی حیثیت میں لیا گیا فیصلہ تھا، محض حوصلہ افزائی کے ارادے اور بغیر کسی سیاسی تشہیر کے یہ کام کیا جو وزیرِاعلیٰ پنجاب کی تعلیم کے شعبے میں کارکردگی کا اعتراف تھا، جن میں لیپ ٹاپ سکیم، سکالر شپ پروگرام، طالبات کے لیے موٹر سائیکل اور کالجز کو بسیں فراہم کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں، کالج کے طلباء وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے اِن اقدامات سے بہت متاثر تھے۔

(جاری ہے)

پرنسپل نے مؤقف اپنایا کہ کالج کے طلباء نے ہی مجھ سے درخواست کی تھی کہ میں مریم نواز کی کوششوں کو تسلیم کروں اور انہیں خراجِ تحسین پیش کروں، میرا مقصد صرف اور صرف طلباء کے مثبت جذبات کی حوصلہ افزائی اور احساس کو فروغ دینا تھا، تاہم مجھے دلی طور پر افسوس ہے کہ یہ عمل محکمہ تعلیم کو پیشگی اطلاع یا منظوری کے بغیر کیا گیا، محکمہ تعلیم کے نوٹس کے بعد وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی تصویر والا جھنڈا فوری طور پر اتار دیا گیا۔

اس معاملے پر بات کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز گجرات شعیب بٹ نے بتایا کہ کالج پرنسپل سے اس حوالے سے جب جواب طلبی کی گئی تو انہوں اس سلسلے میں اپنا تحریری مؤقف ارسال کیا، جس پر محکمہ تعلیم نے کالج پرنسپل کو ان کے جواب میں دیئے جانے والے مؤقف کے بعد وارننگ لیٹر دے دیا ہے، اس کے علاوہ انہیں مستقبل میں ایسے کسی بھی قسم کے کام سے محتاط رہنے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی۔
Live سے متعلق تازہ ترین معلومات