محکمہ صحت اور پولیس کے ملازمین کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے فرائض بطریق احسن انجام دے رہے ہیں۔ حاجی ایاز خان جدون

جمعرات 26 مارچ 2020 23:33

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) سابق امیدوار قومی اسمبلی حاجی ایاز خان جدون نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کیلئے ڈیوٹی پر تعینات محکمہ صحت اور پولیس کے ملازمین اپنے فرائض بطریق احسن سرانجام دے رہے ہیں، حفاظتی کٹس اور دیگر سامان کی کمی کے باعث سرکاری ملازمین سخت خطرات سے دوچار ہیں۔ وہ جمعرات کو ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ایبٹ آباد اور ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے ہاسپٹل ڈائریکٹر سے ملاقاتوں کے بعد صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

حاجی ایاز خان جدون نے کہا کہ ابھی تک کورونا وائرس کی کٹس، فیس ماسک، سرجیکل دستانے وغیرہ محکمہ صحت کے ملازمین، ڈاکٹروں، پیرا میڈیکس اور پولیس کے تمام اہلکاروں کو فراہم نہیں کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے سرکاری محکموں کے ملازمین سخت خطرے میں ہیں، عالمی دبائو نے جہاں پوری دنیا میں نقصانات کئے ہیں وہیں ہمارے ملک پاکستان میں بھی سخت خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی حالت زار یہ ہے کہ یہاں زیادہ تر مشینری ناکارہ دکھائی دیتی ہے، ضروری ٹیسٹوں کیلئے بھی باہر بھیجا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا ٹیسٹوں کیلئے عوام کو ہفتہ ہفتہ انتظار کروایا جا رہا ہے، حکومت ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی حالت زار پر توجہ دے اور اس کے مسائل کو فوری حل کرے۔