کرونا سے ڈرنا نہیں بلکہ اسکے خلاف لڑنا ہے،راجہ مشتاق منہاس

وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے بروقت اور دلیرانہ اقدامات کے ذریعے انتہائی فعال کردار ادا کیا ہے جسے کشمیری قوم سراہتی ہے،وزیر اطلاعات آزاد کشمیر

اتوار 29 مارچ 2020 19:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2020ء) مسلم لیگ ن کے چیف آرگنائزر وزیر اطلاعات ،سیاحت ،سپورٹس و امور نوجوانان راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ کرونا سے ڈرنا نہیں بلکہ اسکے خلاف لڑنا ہے۔وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے بروقت اور دلیرانہ اقدامات کے ذریعے انتہائی فعال کردار ادا کیا ہے جسے کشمیری قوم سراہتی ہے ۔

اپنے خصوصی بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم ڈاکٹرز کی جانب سے دی جانے والی ہدایات پر عمل کر کے خود کو اس سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔انہوں نے اس ضمن میں سیکرٹری اطلاعات ،سیاحت و آئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد کی سربراہی میں محکمہ اطلاعات اور آئی ٹی کی جانب سے تشہیری مہم اور دیگر اقدامات کو سراہا اور کہا کہ اسے جاری رکھا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا عوام کو دی جانے والی ہدایات پر عمل کرنا ہو گا جو اس بیماری سے خود کو محفوظ رکھنے کے لئے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسوقت آزادکشمیر بھر میں ہیلتھ ایمرجینسی ہے اور ایسے اقدامات کئے گئے ہیں جو کمیونٹی کو محفوظ بنانے کے لئے از حد ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگ سرکاری دفاتر میں نہ جائیں اور تمام محکمہ جات دفاتر میں لوگوں کی آمدورفت کم کرنے کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا ایسے وقت میں فیک نیوز تیزی سے پھیلتی ہیں اس لئے میں تمام شہریوں سے یہ اپیل کرونگا کہ وہ غیر تصدیق شدہ باتیں سوشل میڈیا پر نہ پھلائیں بلکہ صرف مصدقہ باتیں شئیر کریں۔انہوں نے کہا کہ سنی سنائی باتوں کو بغیر تصدیق کے آگے نہ پہنچائیں۔