کورونا وائر س بڑی آزمائش ہے ‘ ہم سرخرو ہو کر نکلیں گے ‘سردار تبارک

وزیراعظم عمران خان نے بروقت‘ ہنگامی اقدامات کئے ‘ لوگ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں ‘گھروں سے باہر نہ نکلیں،صدر تحریک انصاف ضلع مظفر آباد

پیر 30 مارچ 2020 17:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2020ء) پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر ضلع مظفرآباد کے صدر ‘ سابق مشیر اورسابق امیدوار اسمبلی حلقہ کوٹلہ سردار تبارک علی نے کہاہے کہ کورونا عالمی وبا ہے جس نے پوری دنیا کو نہ صرف اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے بلکہ ترقیافتہ ممالک کو بھی بے بس کرکے رکھ دیا ہے ۔ ہزاروں کی تعداد میں ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

اور لاکھوں لوگ موذی وباء سے متاثر ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کریں ۔ سوشل سرگرمیاں ترک کریں ۔ گھروں میں رہیں ۔حکومتی ہدایات اور اقدامات پر عمل کریں ۔ خود کو محفوظ رکھیں ‘اپنے خاندان کو محفوظ بناتے ہوئے پوری عالم انسانیت کو محفوظ کریں۔دعا ہے اللہ تعالیٰ ہمیں موذی وباء سے نجات دے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے بروقت اور ہنگامی اقدامات کی وجہ سے پاکستان دیگر ممالک کی نسبت کورونا وائر س سے کم متاثر ہے لیکن آئے روز متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہورہاہے جو انتہائی خطرناک ہے ۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر میں بھی 6کیس سامنے آچکے ہیں اگر ہم نے احتیاط نہ کی تو حالات مشکل ہو جائینگے ۔ تحریک انصاف کے رضا کار کارکنان عوام کو آگاہی دے رہے ہیں۔کورونا وائر س اللہ کرف سے آزمائش ہے اورانشاء اللہ ہم اس آزمائش میں سرخرو ہو کر نکلیں گے ۔گزشتہ روز ضلع دفتر میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہاکہ یہ وائر س اللہ کی طرف سے بڑ ی آزمائش ہے۔ خانہ کعبہ بند کردیاگیا ۔ مساجد میں نمازی نظر نہیں آتے ۔ اجتماعی توبہ و استغفار کی جائے ۔لاک ڈائون کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات ہیں لیکن یہ سب عوام کی حفاظت کے نقطہ نظر سے ہیں ۔انشاء اللہ ہم سب بحیثیت قوم مل کر اس وباء پر قابو پالیں گے۔