پی سی ڈی ایم اے کی گورنر اسٹیٹ بینک سے درآمدکنندگان کے لیے فنڈز مختص کرنے کی اپیل

لاک ڈاؤن، بدترین معاشی ومالیاتی بحران میں درآمدکنندگان کی مدد کی جائے،امین یوسف بالاگام والا لیٹر آف کریڈٹ، بینکوںمیں جمع درآمدی دستاویزات کی مد میں ادائیگیوں میں نرمی کی جائے، چیئرمین پی سی ڈی ایم اے

ہفتہ 18 اپریل 2020 19:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2020ء) پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم ای) کے چیئرمین و سابق ڈائریکٹر کراچی اسٹاک ایکسچینج امین یوسف بالاگام والانے ملک میں جاری سنگین معاشی ومالیاتی بحران کے باعث گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر سے درآمدکنندگان کے لیے فنڈز مختص کرنے کی اپیل کرتے ہوئے درخواست کی ہے کہ لیٹر آف کریڈٹ اور بینکوںمیں جمع درآمدی دستاویزات کی مد میں ادائیگیوں میں نرمی کی جائے اور کرونا کی روک تھام کے لیے جاری لاک ڈاؤن سے ہونے والے بدترین کاروباری نقصان میں درآمدکنندگان کی مدد کی جائے۔

امین یوسف بالاگام والا نے گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر کو ارسال کیے گئے خط میں مرکزی بینک کی کارکنوں کی تنخواہوں اور اجرت کی ادائیگی کے لیے ’’ ری فنانس اسکیم فار پیمنٹ آف ویجز اینڈ سیلریز ٹو دی ورکرز اینڈ ایمپلائز آف بزنس کنسرنس‘‘ کو سراہتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کی وبا کو روکنے کے لیے حکومت کے اقدامات کی وجہ سے اقتصادی سرگرمیاں مکمل طور پر بند ہیں اور درآمدات رکنے ، صنعتوں ، مارکیٹوں کی بندش کے باعث درآمدکنندگان کوشدید مالی بحران کا سامنا ہے لہٰذا ہماری درخواست ہے کہ ملک کے بہتر ترین معاشی مفاد میں درآمدکنندگان کے لیے خصوصی فنڈز کا اعلان کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ کمرشل امپورٹرز صنعتوں باالخصوص ٹیکسٹائل انڈسٹری کو خام مال کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں لیکن موجودہ حالات میں کاروبار بالکل بند ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ صورتحال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے لہٰذا مرکزی بینک نے اگر ہماری اپیل پر غور نہ کیا تو لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد بھی درآمدی سرگرمیاں معمول کے مطابق بحال نہیں ہوپائیں گی جس سے صنعتوں کو خام مال کی شدید کمی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔

امین یوسف بالاگام والا نے تجویز دی کہ جن اداروں نے 10مارچ 2020کے بعد 15اپریل 2020تک لیٹر آف کریڈٹ قائم کیا ہے یا جن کی دستاویزات میں بقایا ادائیگیاں ہیں انہیں سہولت دی جائے یعنی بینک ان دستاویز کی ادائیگیاں کریںجبکہ مال 6ماہ کے مدت کے لیے بلاسود بینکوںکے پاس رکھا جائے اور بطور ضمانت اکاؤنٹ ، ایل سی کھولنے والے ادارے کودستاویزات کی مجموعی رقم کا 15سی20فیصد اد اکیا جائے۔