ملک میں کرونا وائرس کے باعث اب تک کا سب سے ہلاکت خیز دن

24 گھنٹے کے دوران 45 افراد جاں بحق، 1 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ، کل اموات 405 جبکہ مصدقہ مریضوں کی تعداد 17699 تک جا پہنچی

muhammad ali محمد علی جمعہ 1 مئی 2020 21:38

ملک میں کرونا وائرس کے باعث اب تک کا سب سے ہلاکت خیز دن
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم مئی 2020ء) ملک میں کرونا وائرس کے باعث اب تک کا سب سے ہلاکت خیز دن، 24 گھنٹے کے دوران 45 افراد جاں بحق، 1 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ، کل اموات 405 جبکہ مصدقہ مریضوں کی تعداد 17699 تک جا پہنچی۔ پاکستانی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق یکم مئی کا روز کرونا وائرس کے باعث ملک کا سب سے ہلاکت خیز دن ثابت ہوا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تشویش ناک طور پر 45 افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور پہلی مرتبہ ایک دن کے دوران ایک ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے باعث کل اموات کی تعداد 400 سے تجاوز کر گئی ہے۔ اب تک 405 افراد لقمہ اجل بن چکے، جبکہ کل کیسز کی تعداد 17 ہزار 699 ہوگئی۔

(جاری ہے)

اموات کے لحاظ سے خیبرپختونخواہ سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے، جبکہ کل کیسز کے لحاظ سے پنجاب سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کرونا سے 161 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ سندھ میں 118 اور پنجاب میں 106 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ بلوچستان میں 14، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد جاں بحق ہو چکے۔ جمعہ کے روز کرونا کے مزید 1226 کیسز سامنے آئے۔ سب سے زیادہ سندھ سے 622 کیسز، خیبرپختونخوا میں 486 کیسز، بلوچستان میں 87 کیسز، اسلام آباد میں 30 کیسز اور گلگت بلتستان میں صرف ایک کیس رپورٹ ہوا۔

پنجاب میں جمعہ کے روز رپورٹ ہونے والے کیسز کا ڈیٹا فی الحال فراہم نہیں کیا گیا۔ اس صورتحال کے حولاے سے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے جمعہ کے روز میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان میں دوسرے ممالک کی نسبت حالات بہتر ہیں، معاشی نظام اورروزگار کے مواقع کے لیے بہت سے ملک لاک ڈاؤن میں نرمی کر رہے ہیں۔ اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فائدہ تب ہوگا جب ایس اوپیز پرعمل ہوگا۔

ایس او پیز پرعمل نہیں ہوگا تواسمارٹ لاک ڈاون کا فائدہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور دیگرعملے کی ٹریننگ کا سلسلہ جاری ہے۔ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت کے ڈاکٹرز کو ٹریننگ دی جا رہی ہے۔ قرنطینہ سینٹرز میں42 ہزارافراد کے ٹیسٹ موصول ہوچکے ہیں۔ قرنطینہ سینٹرز میں14 فیصد افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں اب تک ایک لاکھ 82 ہزار131کورونا ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں7 ہزار 971 ٹیسٹ کیے گئے۔