لاک ڈاؤن کے باعث 26 فیصد خواتین کو ملازمت سے فارغ کردیا گیا

ان خواتین میں 15 فیصد سندھ اور 3 فیصد کا تعلق بلوچستان سے ہے، ان خواتین کو سکولوں، ہسپتالوں اور تجارتی سیکٹرز سے نکالا گیا ہے۔ فافن کا سروے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 1 مئی 2020 22:20

لاک ڈاؤن کے باعث 26 فیصد خواتین کو ملازمت سے فارغ کردیا گیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم مئی 2020ء) فافن نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے باعث 26 فیصد خواتین کو ملازمت سے فارغ کردیا گیا، ان خواتین میں15فیصد سندھ اور3 فیصد کا تعلق بلوچستان سے ہے، ان خواتین کو سکولوں، ہسپتالوں اور تجارتی سیکٹرز سے نکالا گیا ہے۔ فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک سروے کے مطابق لاک ڈاؤن کے اعلان کے ساتھ ہی 26 فیصد خواتین کو ملازمت سے فارغ کردیا گیا ہے۔

ان خواتین میں 14فیصد خواتین کو ملازمت سے مستقل نکال دیا گیا۔ باقی خواتین ملازمین کی خدمات عارضی طور پر معطل کردی گئیں۔ سروے میں بتایا گیا کہ اداروں سے ملازمت سے نکالی گئی خواتیں میں 15 فیصد خواتین کا تعلق سندھ سے ہے اور 3 فیصد کا تعلق بلوچستان سے ہے۔ برطرف کارکنان کی اکثریت واجبات کی منظوری کی منتظر تھیں۔

(جاری ہے)

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 28 فیصد خواتین وفاقی حکومت کے احساس پروگرام میں امداد کیلئے درخواست دے چکی ہیں۔

واضح رہے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان میں دوسرے ممالک کی نسبت حالات بہتر ہیں، معاشی نظام اورروزگار کے مواقع کے لیے بہت سے ملک لاک ڈاؤن میں نرمی کر رہے ہیں۔ اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فائدہ تب ہوگا جب ایس اوپیز پرعمل ہوگا۔

ایس او پیز پرعمل نہیں ہوگا تواسمارٹ لاک ڈاون کا فائدہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور دیگرعملے کی ٹریننگ کا سلسلہ جاری ہے۔ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت کے ڈاکٹرز کو ٹریننگ دی جا رہی ہے۔

ہیلتھ ورکرز کی ٹریننگ کیلئے کتاب شائع کردی ہے۔ ڈاکٹرز، پیرا میڈکس کتاب سے بہت سی معلومات حاصل کرسکتے ہیں،یہ کتاب کل تک ویب سائٹ پر ڈال دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قرنطینہ سینٹرز میں42 ہزارافراد کے ٹیسٹ موصول ہوچکے ہیں۔ قرنطینہ سینٹرز میں14 فیصد افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی، ملک میں اموات کی تعداد 385 ہوگئی ہے، اس میں پچھلے چند روز کے دوران ہونے والی اموات کی تفصیلات بھی شامل کی ہیں۔

مزید برآں حکومتی اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں اب تک ایک لاکھ 82 ہزار131کورونا ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں7 ہزار 971 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں 622 مزید افراد میں کورونا وائرس مثبت آیا ہے، اس کے ساتھ ملک کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 17 ہزار 439 ہوگئی ہے۔ اسی طرح گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 6 مریض انتقال کرگئے۔ جس سے مجموعی اموات کی تعداد391 ہوگئی ہے۔ اب تک ملک بھر میں 4 ہزار 315 مریض مکمل صحتیاب ہوچکے ہیں۔