ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کی طرف سے کشمیری نظربندوں کی رہائی کا مطالبہ

پیر 4 مئی 2020 18:10

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2020ء) مقبوضہ کشمیرمیںجموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے غیرقانونی طور پر نظربند حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ دوہراتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے خطرے کے پیش بھارت کی جیلوں سے کشمیری نظربندوںکی رہائی میں اپنا کردارا دا کرے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی ترجمان نے سرینگر سے جاری بیان میںکہا ہے کہ مہلک کورونا وائرس میںمبتلا ہونے کے خدشے کے پیش نظر بھارت کو جیلوں میں بلا جواز نظربند تمام کشمیریوںکو رہا کردینا چاہیے۔ ترجمان نے بھارت کواپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں یاد دلاتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی معاہدوں اور قوانین کے مطابق بھارت پرنظربندوں کے تحفظ کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کشمیریوںکو گنجائش سے زیادہ قیدیوں والی جیل میں رکھنے سے کورونا وائرس میںمبتلا ہونے کا شدید خطرہ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ نئی دلی کی تہاڑ جیل میں شبیر احمد شاہ ، محمد یاسین ملک اور آسیہ اندرابی سمیت درجنوں سینئر حریت رہنماؤں کو صرف کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میںاہم خدمات انجام دینے پر غیر قانونی طورپر نظربند کیاگیا ہے ۔

ادھر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائم مقام صدر محمود احمدساغر نے ایک بیان میں مسئلہ کشمیر پربرطانوی لیبر پارٹی کے رہنما سر کیئر اسٹارمر کے بیان کو تنازعہ کشمیر کے بارے میں تاریخی حقائق کو مسخ کرنے کی ایک کوشش قرار دیاہے۔انہوں نے کہا کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود سب سے پرانا حل طلب تنازعہ ہے ۔دریں اثناء جموں وکشمیر پیر پنجال پیس فاؤنڈیشن کے نائب صدر اعجاز مدنی نے جموں میں ایک بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں آزادی صحافت پر عائد قدغن کو افسوسناک قراردیا ہے ۔ انہوں نے کشمیری صحافیوں کو ہراساں کئے جانے اور اور پیرزادہ عاشق ، گوہر گیلانی اور مسرت زہرہ کے خلاف مقدمات کے اندراج کی مذمت کی۔