حکومت کے ٹھوس اور سخت اقدامات کی وجہ سے آزاد کشمیر میں صورتحال قابو میں ہے‘ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان

جمعرات 7 مئی 2020 23:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2020ء) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ حکومت کے ٹھوس اور سخت اقدامات کی وجہ سے آزاد کشمیر میں صورتحال قابو میں ہے۔جمعرات کو وزیراعظم میڈیا آفس آزاد کشمیر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم فاروق حیدرنے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اب تک آزاد کشمیر میں کرونا وائرس کے 78 مریض ہیں ان میں سے 58 متاثرہ مریض مکمل صحت یاب ہو کر ڈسچارج ہوچکے ہیں۔صرف بیس مریض زیر علاج ہیں۔انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ کاروبار ھفتہ میں پانچ دن مشروط طور پر کھولے جارہے ہیں جبکہ دو دن مکمل لاک ڈائون ہے۔فاروق حیدر نے بتایا کہ بیرون ملک سے 26 ہزار لوگ واپس آئے ہیں اور ان کو قرنطینہ مراکز میں رکھا گیا اور ان کا پیریڈ مکمل ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایس او پیز پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنانے اور موثر حکمت عملی پر اداروں کی تعریف کی۔انہوں نے حکومت پاکستان کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی بربریت کو بے نقاب کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کووڈ19 کا فائدہ اٹھا کر کشمیری نوجوانوں کو ہدف بنانا قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا وکیل ہے۔