جموں وکشمیر ماس موومنٹ کا کشمیری مائوں کی حالت زار پراظہار تشویش

اتوار 10 مئی 2020 16:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2020ء) جموں وکشمیر ماس موومنٹ کے وائس چیئرمین عبدالمجید میر نے ماں کے عالمی دن کے موقع پر کشمیری مائوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 73 سال کے دوران بے شمار کشمیری مائوں کی گودیں خالی ہوچکی ہیں اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہیں ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عبدالمجید میر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیری مائیں بھارتی درندگی کا ڈٹ کر مقابلہ کررہی ہیںاورجدوجہد آزادی میں کشمیری مائوںکا ایک اہم کردار ہے۔

انہوںنے کہاکہ کشمیری مائیں آزادی کشمیر کے لئے اپنے لخت ہائے جگر قربان کررہی ہیں۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی عفت مآب مائوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف دنیا بھر میں ماںکا عالمی دن منایاجارہا ہے تو دوسری طرف بھارتی فورسز مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ لوگوں کو شہید کرکے مائوں کی گود یںاجاڑرہی ہیں۔

(جاری ہے)

عبدالمجیدمیرنے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر میں خواتین کا کلیدی کردار ہے اور دنیا جانتی ہے کہ قابض بھارتی فوج کشمیرمیںخواتین کی عصمت دری کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہے۔

انہوں نے کہا بھارت کی قابص فورسزنے ہزاروں افراد کو ماورائے عدالت قتل یا گرفتاری کے بعد ہمیشہ کیلئے غائب کردیا ہے جس سے ہزاروں مائیں متاثر ہوئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیر میںحوا کی یہ بیٹیاں لٹتی رہیں لیکن انسانی حقوق کے علمبردار خواب غفلت میں سوتے رہے۔