ملک میں 5روز کے دوران طبی عملے کے مزید 257 ارکان میں کورونا کی تشخیص ہوئی

اب تک کورونا وائرس سے 5 ڈاکٹروں اور ایک نرس سمیت طبی سہولتیں فراہم کرنے والے 11 افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 12 مئی 2020 00:07

ملک میں 5روز کے دوران طبی عملے کے مزید 257 ارکان میں کورونا کی تشخیص ہوئی
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 11 مئی 2020ء ) ملک میں 5روز کے دوران طبی عملے کے مزید 257 ارکان میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ساڑھے 31 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے تو وہیں دوسری طرف طبی عملہ بھی وائرس کا شکار ہوتا جارہا ہے۔

گزشتہ 5 روز کے دوران طبی عملے کے مزید 257 ارکان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے 5 ڈاکٹروں اور ایک نرس سمیت طبی سہولتیں فراہم کرنے والے 11 افراد کی جان کی بازی ہارچکے ہیں۔ 9 مئی تک 440 ڈاکٹر، 111 نرسز اور طبی عملے کے دیگر 215 ارکان کورونا کے مرض میں مبتلا ہوچکے تھے۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1476 مریض سامنے آ گئے۔ جس کے بعد دنیا بھر میں متاثرہونے والے ممالک میں 19ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ سندھ میں 12 ہزار 17، خیبرپختونخوا میں 4 ہزار 669، بلوچستان میں 2 ہزار 17، اسلام آباد 679 اور پنجاب میں 11 ہزار 93 کیسز سامنے آئے ہیں۔ گلگت بلستان میں 442 افراد اس مہلک وائرس سے متاثر ہوئے۔ آزاد کشمیر میں 86 افراد اس وائرس کا شکار ہوئے۔

یہ بات بھی قابل غور رہے کہ اب تک 8 ہزار 212 افراد اس وائرس سے صحتیاب ہو چکے ہیں۔ جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد 673 ہو گئی ہے۔ دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 41 لاکھ93 ہزار401ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 لاکھ 83 ہزار 868 ہو گئیں۔ کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 24 لاکھ 5ہزار 669 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 47 ہزار 648 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 14 لاکھ 93 ہزار 401مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔