رواں سال مئی میں گرمی کی شدت زیادہ نہیں، سردار سرفراز

لاک ڈاون کے باعث صنعتیں بند ہیں، ٹریفک میں کمی اور انسانی سرگرمیاں محدود ہیں،ڈائریکٹر محکمہ موسمیات

منگل 12 مئی 2020 16:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2020ء) ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفرازنے کہا ہے کہ مئی کو موسمِ گرما کا گرم ترین مہینہ سمجھا جاتا ہے، تاہم رواں سال مئی میں گرمی کی شدت زیادہ نہیں ہے۔ایک بیان میں ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے کہا ہے کہ پچھلے 5 سے 6 سال میں مئی میں مسلسل ہیٹ ویوز آتی رہی ہیں، مگر رواں سال مئی میں گرمی کی شدت زیادہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے برسوں کے مقابلے میں اس سال موسم کافی بہتر ہے، لاک ڈاون کے باعث صنعتیں بند ہیں، ٹریفک میں کمی اور انسانی سرگرمیاں محدود ہیں۔سردار سرفراز نے کہا کہ آلودگی میں کمی کے باعث ہیٹنگ نہیں ہو رہی، جبکہ مغربی ہواوں کے سسٹم بھی تواتر کے ساتھ پاکستان آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مغربی ہواوں کے یہ سسٹم پاکستان کے مختلف علاقوں میں اچھی بارشیں برسا رہے ہیں، ان سسٹمز کے باعث کراچی میں سمندری ہوائیں چل رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفرازنے مزید کہا کہ حالیہ مغربی ہواوں کا سسٹم دوسرا یا تیسرا ہے، جبکہ مزید 2 سے 3 سسٹمز آ سکتے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ حالیہ مغربی ہواوں کے سسٹم کے باعث شہرِقائد میں کہیں کہیں بوندا باندی ہو سکتی ہے، جبکہ 16 مئی تک درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہیگا۔