یورپی یونین کا مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پر اظہار تشویش

جمعہ 15 مئی 2020 21:05

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2020ء) یورپی پارلیمنٹ نے اپنی ایک رپورٹ میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور بھارت میں اقلیتوں کے حوالے سے نریندرمودی حکومت کی متنازعہ پالیسیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یورپی پارلیمنٹ کے ریسرچ سروس (ای پی آر ایس) کی تیار کردہ رپورٹ میں کہا گیاکہ گزشتہ برس اگست کے اوائل میں بھارتی آئین کی دفعہ 370منسوخ کر کے جموں وکشمیر کو اسکی خصوصی حیثیت سے محروم کیے جانے سے قبل علاقے میں فوجیوںکی ایک بڑی تعداد تعینات کی گئی، ہزاروں سیاسی رہنمائوں اور کارکنوںکو حراست میں لیا گیا اور ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سروسزمعطل کی گئیں۔

رپورٹ میں کہاگیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی کے مسلسل دوسرے دور اقتدار کے بعد بھارت میں جمہوریت ، رواداری اورقانون کی حکمرانی کے حوالے سے صورتحال سماج و سیاست پر ہندو قوم پرستی کی مضبوط ہوتی ہوئی گرفت کے تحت تبدیل ہوتی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

دریں اثنا کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید نے برسلز میں جاری ایک بیان میںیورپی پارلیمنٹری ریسرچ سروس کی رپورٹ کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوںنے عالمی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ اور یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ مودی حکومت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف رزیوں اور بھارت میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے سے روکیں۔