نیو یارک ٹائمز کی سیز فائر لائن کے نزد یک کمیونٹی بنکرز کے حوالہ سے رپورٹ جھوٹ کا پلندہ ہے، یہ رپورٹ ایک ’خیالی کہانی ‘ ہے

جس کا حقیت سے کوئی تعلق نہیں،وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان

جمعہ 22 مئی 2020 21:26

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2020ء) وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی سیز فائر لائن کے نزد یک کمیونٹی بنکرز کے حوالہ سے رپورٹ کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمیونٹی بنکرز میں خواتین کی بے حرمتی کے حوالہ سے نیویارک ٹائمز کی رپورٹ’خیالی کہانی ‘ ہے جس کا حقیت سے کوئی تعلق نہیں،آزادکشمیر کے معاشرے میں خواتین کو جو اعلیٰ مقام حاصل ہے وہ یورپ اور امریکہ میں بھی نہیں ۔

امریکی اخبار کو آزادکشمیر کے غیور اور بہاد عوام کے بارے میں ایسی فرضی اور خیالی رپورٹس کے بجائے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر فوکس کرنا چاہیے جہاں ہندوستانی فوج معصوم لوگوں کو قتل کررہی ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ردعمل میں وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر نے کہاکہ آزادکشمیر کی 30 فیصد آبادی 750کلو میٹر سیز فائرلائن پر بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزی اور فائرنگ کے باوجود اطمینان سے زندگی بسر کررہے ہیں ، سیز فائر لائن پر بھارتی فوج آئے روز شہریوں اور ان کی املاک کو نشانہ بناتی ہے جس کا رپورٹ میں کوئی ذکر نہیں کیا گیا اور نہ ہی بھارتی فوج کا اصل چہرہ دکھایا گیا۔

نیویارک ٹائمزکو اس کے نمائندے نے من گھڑت ، بے بنیاد اور خلاف حقائق رپورٹنگ کی جس کا حقیقت سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی زمینی حقائق ایسے ہیں۔انہوںنے کہاکہ آزادجموں وکشمیر میں خواتین کو انتہائی عزت اور تکریم کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور انہیں معاشرے میں اعلیٰ مقام حاصل ہے ۔ سیز فائرلائن پر آبادکشمیری خواتین کی عصمتوں کی حفاظت اور ان کو بھارتی اشتعال انگیزی سے بچانے کیلئے اپنی جانیں بھی دائو پر لگا دیتے ہیں۔