مجھے انصار بھائی کی تلاش ہے، میں پروگرام کیلئے تیار ہوں، حامد میر

انصار نقوی نے کل رات پیغام بھیجا اور عید شوکیلئے ٹائم مانگا، میں نے سحری کے وقت پیغام پڑھا اور سوچا آج جواب دوں گا، لیکن آج مجھے ان کی تلاش ہے۔ سینئرصحافی حامد میر کا طیارہ حادثہ پر اظہار افسوس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 22 مئی 2020 19:58

مجھے انصار بھائی کی تلاش ہے، میں پروگرام کیلئے تیار ہوں، حامد میر
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 مئی 2020ء) سینئر صحافی تجزیہ کار حامد میر نے کہا ہے کہ مجھے انصار بھائی کی تلاش ہے، میں پروگرام کیلئے تیار ہوں، انصار نقوی نے کل رات پیغام بھیجا اور عید شوکیلئے ٹائم مانگا، میں نے سحری کے وقت پیغام پڑھا اور سوچا آج جواب دوں گا۔ انہوں نے ٹویٹر پر طیارہ حادثہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ انصار بھائی نے کل رات پیغام بھیجا کہ ان کے چینل 24 کے عید شو کے لئے میرا ٹائم چاہئیے میں نے ان کا پیغام سحری کے وقت پڑھا اور سوچا کہ صبح جواب دوں گا۔

پھر پتہ چلا کہ وہ تو اس جہاز میں سوار تھے جو کراچی میں تباہ ہو گیا اب مجھے ان کی تلاش ہے انہیں بتانا ہے کہ میں پروگرام کے لئے تیار ہوں۔ واضح رہے پی آئی اے کی پرواز کراچی میں لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوگئی۔

(جاری ہے)

جس میں 99 مسافروں میں 51 مرد مسافر، 31 خواتین اور 9 بچے شامل تھے، بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود اور سینئرصحافی انصارنقوی کا نام بھی مسافروں میں شامل تھے۔

اب تک کی رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کے بدقسمت طیارے کے 32 سے زائد افراد جاں بحق اور10 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، جاں بحق افراد میں طیارے کا پائلٹ اور 5 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ واضح رہے کراچی ایئرپورٹ کے قریب پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 8303 گر کر تباہ ہوگئی۔

ایئربس 320 میں 107 افراد سوار تھے۔ جن میں 99 مسافر اور عملے کے 8 افراد شامل ہیں۔ ایئربس 320ایک بج کر 10 منٹ پر لاہور ایئرپورٹ سے کراچی کیلئے روانہ ہوئی۔ پی آئی اے کی پرواز لاہور سے کراچی پہنچی تھی کہ لینڈنگ کے دوران طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ہے۔ طیارہ کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کیلئے بالکل تیار تھا۔ پائلٹ نے لینڈنگ کا سگنل بھی دے دیا تھا۔

لیکن طیارے کا لینڈنگ سے ایک منٹ قبل کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہوگیا اور ماڈل کالونی کی آبادی میں گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارہ گرنے کی ابتدائی وجوہات تکنیکی خرابی بتائی جا رہی ہے کہ لینڈںگ کے دوران طیارے کے پہیے نہیں کھل رہے تھے۔ طیارہ گرنے سے کئی گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ جبکہ جس چھت پر طیارہ گرا ہے۔ اس کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

طیارہ گرنے کے ساتھ ہی طیارے میں آگ لگ گئی۔ جس سے آسمان پر دھوئیں گے بادل بن گئے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے طیارہ گرنے کی تصدیق کردی ہے۔ طیارہ گرنے کی اطلاع ملتے ہی ایئرپورٹ اور ماڈل کالونی کے متاثرہ علاقے میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ جبکہ ہسپتالوں میں عملے کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں امدادی کاموں کیلئے جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، جنہوں نے امدادی سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔

طیارے میں لگی آگ بجھانے کیلئے فائر بریگیڈ مصروف ہے۔ رینجرز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ تاکہ لوگوں کو طیارے کے ملبے کے قریب جانے سے روکا جا سکے۔ مزید برآں آئی ایس پی آرکے مطابق پاک فوج کی کوئیک ری ایکشن فورس اور رینجرز موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ سول انتظامیہ کے ساتھ امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ پاک فوج کے ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز کے ذریعے نقصانات کا جائزہ اور ریسکیو کارروائیاں کی جارہ ہیں۔

اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں بھی امدای کاموں کے لیے موقع پر پہنچ گئی ہیں۔ مزید برآں ترجمان پی آئی اے عبداللہ کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے سے متعلق وہ کچھ دیرمیں تفصیلی پریس کانفرنس کریں گے۔ عوام کو چاہیے کہ افواہوں پر یقین نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ طیارہ زیادہ پرانا نہیں تھا، طیارے کی عمر 10 سے 12 سال تھی، تکنیکی خرابی کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔