ْمقبوضہ کشمیر، میر واعظ عمر فاروق، زمرودہ حبیب و دیگر کا اشرف صحرائی کیساتھ اظہار یکجہتی

کشمیری نوجوان آزادی کے عظیم مقصد کیلئے اپنی جانیںقربان کررہے ہیں ،قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی، بیان

ہفتہ 23 مئی 2020 15:38

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2020ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق ،کشمیر تحریک خواتین کی چیئرپرسن زمرودہ حبیب اور دیگر آزادی پسند رہنمائوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما محمد اشرف صحرائی کے ساتھ انکے فرزند جنید صحرائی کی شہادت پر بھر پور اظہار یکجہتی کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوںنے جنید صحرائی اورانکے ساتھی طارق احمد کو گزشتہ منگل کو سرینگر کے علاقے نواکدال میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید جبکہ 17مکانات کو تباہ کردیے تھے۔

میر واعظ عمر فاروق کی ہدایت پر حریت فورم کا ایک خصوصی وفد محمد اشرف صحرائی کے گھر گیا اور جنید صحرائی کو خراج عقیدت پیش کیا۔کشمیرتحریک خواتین کی چیئرپر سن زمرودہ حبیب بھی محمد اشرف صحرائی کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے انکے گھر گئیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے اس موقع پر جنیدصحرائی کو شاندرا خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوان آزادی کے ایک عظیم مقصد کیلئے اپنی جانیںقربان کررہے ہیں اوریہ قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔

زمرودہ حبیب نے محمد اشرف صحرائی کے عزم و ہمت کو بھی سلام پیش کیا جنہوں نے اپنی ساری زندگی آزادی کے ایک عظیم کاز کے لیے وقف کیے رکھی۔انہوںنے کہا کہ کشمیری نوجوان اور انکے اہلخانہ جس عزم وہمت کا مظاہرہ کر رہے ہیں وہ بھارت کیلئے ایک واضح پیغام ہے کہ کشمیری اپنے شہداء کے عظیم مشن کو مقصد کے حصول تک جاری رکھیں گے۔ زمرودہ حبیب نے مزید کہا کہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک مسئلہ ہے جسے پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک بامعنی مذاکراتی عمل کے ذریعے ہحل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ خطے میں امن و ترقی کا دور دورہ ہو۔

تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں جنیدصحرائی اور دیگر شہید نوجوانوںکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوان آرام دہ زندگی ترک کر کے بھارت جیسے مکار دشمن کے خلاف ایک مقدس لڑائی لڑ رہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کاگرم گرم لہو ایک روز ضرور رنگ لائے گا۔ جموں وکشمیر پیر پنجال موومنت کے چیئرمین قاضی محمد ارشا د نے جموں سے جاری ایک بیان میں جنید صحرائی اور انکے ساتھی طارق احمد کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوان کشمیریوںکے ہیرو ہیں ۔

انہوںنے کہا کشمیر ی عوام اپنے شہداء کے مشن کو مقصد کے حصول تک جاری و ساری رکھیں گے۔ قاضی محمد ارشاد نے کہا کہ بھارت کو ایک روز کشمیر سے جانا ہی ہوگا۔ انہوںنے جنیدصحرائی کے والدمحمد اشرف صحرائی کے جذبے کو سلام پیش کیا۔ دریںاثنا میر واعظ فورم کی آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر سید فیض نقشبندی نے اسلام آباد میںجاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت اپنی ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوںکو تحریک آزادی ترک کرنے پر مجبور نہیںکرسکتا۔ انہوںنے کہا کہ کشمیرعالمی سطح پر ایک تسلیم شدہ تنازع ہے جسکا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں میںمضمر ہے۔ انہوںنے جنیدصحرائی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔