کل جماعتی حریت کانفرنس کی کشمیریوںکو عیدالفطرکی مبارکباد

کشمیری عیدکے روز بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے خصوصی عبادات اور دعائوں کا اہتمام کریں،ترجمان

ہفتہ 23 مئی 2020 15:41

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2020ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیری مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی ہے کہ وہ کشمیریوںکو غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی عطا فرمائے تاکہ انہیں عید کی حقیقی خوشیاں نصیب ہوں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجما ن نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی محاصرے کے باعث اگر چہ عید گاہوںمیںنماز عید کی ادائیگی ممکن نہیں تاہم اس روز ہمیں اپنے گھروں پر خصوصی عبادات کا اہتمام کر کے اپنے لیے خیر وبلائی ، جموںوکشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی اور اسلام کی سربلندی کیلئے دعا مانگنی چاہیے۔

انہوںنے کہا کہ عید کے روز ہمیں اپنے اس عزم کا اعادہ کرناچاہیے کہ ہم تنازع کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے صاحب ثروت کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ بھارتی جبر واستبداد کے متاثرین اور یتیموں اور محتاجوں کو بھر پور مدد کریں۔ انہوںنے پاکستانی مسافرطیارے کو کراچی ائر پورٹ کے نزدیک پیش آنے والے دلدوز حادثے اور قیمتی انسانوں جانوںکے زیاں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ترجمان نے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام سے بھر پور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے اللہ تعالیٰ سے مغفرت و بخشش کی دعا کی۔