عید کے موقع پر حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے،صوبائی وزیرکرنل (ر) ملک محمد انور

ہفتہ 23 مئی 2020 17:45

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2020ء) صوبائی وزیر ریوینیو کرنل (ر) ملک محمد انور خان کی جانب سے عید الفطر کے موقع پر لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایات، سابقہ روایات کے برخلاف عوامی اجتماعات سے پرہیز کیا جائے ، کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے سدباب کے لیئے حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے، اگر احتیاط نہ کی تو عید الفطر جیسا خوشی کا موقع غم میں تبدیل ہو سکتا ہے، گوجرانوالہ میں کورونا وائرس کیوجہ سے تحریک انصاف کی ایم پی اے شاہین رضا کی وفات اور کراچی میں مسافر طیارے کو پیش آنے والے حادثہ پر اظہار افسوس۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر ریوینیو پنجاب کرنل (ر) ملک محمد انور خان نے کہا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطلب کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے مزید احتیاط برتنا ہے، پبلک ٹرانسپورٹ کھل جانے کیوجہ سے لوگوں کی ایک جگہ سے دوسرے جگہ منتقلی کے دوران کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا شدید خدشہ لاحق ہے، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں عیدالفطر کے موقع پر کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر مزید سختی کیساتھ عملدرآمد کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، عید الفطر کے روز گلے ملنے، ہاتھ ملانے یا معاشرتی فاصلہ نظر انداز کرنے والے لوگ چند لمحوں کی خوشی کے لیئے اپنے پیاروں کی زندگیاں خطرے میں مت ڈالیں، خدانخواستہ اگر احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کیئے جانے پر آپکا کوئی قریبی عزیز کورونا وائرس کا شکار ہوا تو اِس جرم میں آپ بھی شامل ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام اہلیانِ پنجاب باالخصوص اپنے انتخابی حلقہ پی پی 4 کے مکینوں سے اپیل ہے کہ وہ عید الفطر کو اپنے گھروں کے اندر اپنے پیاروں کیساتھ منائیں اور خالقِ کائنات ربِ باری تعالی سے ملک و قوم سمیت پوری انسانیت کو اس موذی بیماری سے بچانے کی خصوصی دعا کریں۔ ․ملک محمد انور نے کہا کہ مجھے اپنے چاہنے والوں اور سپورٹران کی زندگیاں بہت عزیز ہیں لہذا سابقہ روایات کے برخلاف اس سال کورونا وائرس کیوجہ سے عید الفطر کے موقع پر عوامی اجتماعات سے اجتناب کیا جائے ۔

میری اپیل ہے کہ تمام سپورٹران اور مہربان عیدالفطر کے موقع پر ملنے ملانے کے بجائے گھروں میں رہ کر خوشیاں منائیں اگر اللہ پاک نے آئندہ زندگی رکھی تو سپورٹران کو اپنے ڈیرے پر حسبِ سابق گلے مل کر خوش آمدید کہا جائے گا۔قبل ازیں انہوں نے گوجرانوالہ میں تحریک انصاف کی ایم پی اے شاہین رضا کی کورونا وائرس کی جہ سے وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انکی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کراچی میں طیارہ حادثے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس بھی کیا۔