دنیا میں پاکستان واحد ملک ہوگا جو پرسوں عید منائے گا، فواد چودھری

اگرچاند صرف آنکھ سے دیکھنا ہے تو پھر ہرعلاقے کی اپنی عید ہوگی، بنگلادیش میں بھی کل عید ہوگی، سعودی عرب سے لے کر ترکی، ملائیشیا اور ایران نے بھی کیلنڈرپرعید کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 23 مئی 2020 21:19

دنیا میں پاکستان واحد ملک ہوگا جو پرسوں عید منائے گا، فواد چودھری
کراچی (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی 2020ء) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ دنیا میں پاکستان واحد ملک ہوگا جو پرسوں عید منائے گا، اگر چاند صرف آنکھ  سے دیکھنا ہے تو پھر تو ہرعلاقے کی اپنی عید ہوگی، بنگلادیش میں بھی کل عید ہوگی ۔

سعودی عرب سے لے کر ترکی اور ملائیشیا ایران نے کلینڈر پر فیصلہ کیا ہے۔ دنیا بھر میں کل عید ہے پاکستان واحد ملک ہوگا جو پرسوں عید منائے گا۔ اگر صرف آنکھ  سے دیکھنا ہے تو پھر تو ہرجگہ کی اپنی عید ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہلا اصول ہے کہ ہم قومی ریاست کو اہمیت دیتے ہیں سرحد مقدس ہے۔ خطے میں مطلع پر اتفاق ہے یا نہیں یہ فیصلہ کرنا علماء کا کام ہے۔

رویت ہلال کمیٹی قرارداد کے ذریعے بنی۔ چاند کی رویت کا فیصلہ کمیٹی کرے گی۔ ہم پاکستان کی سرحد تک محدود ہیں۔ ریاست کے ساتھ کھڑا ہونا ضروری ہے، قانون کی پاسداری اہم ہے۔

پاکستان میں 1976 کے بعد سے جو پالیسیاں اپنائی گئیں مذہبی لحاظ سے بہت تقسیم آئی۔
سعودی عرب اور ایران نے کم عمری کی شادی پر پابندی لگائی ہم اب تک نہ لگا سکے۔ فواد چودھری نے کہا کہ بھارت میں اگر کل عید نہیں ہے تو وہاں تو مسلمان حکومت نہیں باقی اسلامی ممالک میں کل عید ہے۔

لیکن بنگلا دیش میں بھی کل عید کا اعلان کیا گیا ہے۔ دوسری جانب مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن کی سربراہی میں شوال المکرم کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کا انعقاد محکمہ موسمیات کراچی کمپلکس میں ہوا۔ اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کے اراکین، زونل کمیٹی ممبران، بحریہ کے ماہرین بھی شریک ہوئے جبکہ تکنیکی معاونت کیلئے محکمہ موسمیات سپارکو کے اراکین بھی اجلاس میں شامل ہوئے۔

ملک بھر میں ڈویژنل اور زونل رویت کمیٹیوں کو کہیں سے بھی چاند کی شہادت نہیں ملی۔ اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور کراچی، ٹھٹھہ، بدین، سانگھڑ، جیوانی کے مختلف علاقوں میں چاند دیکھنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ زونل رویت ہلال کمیٹی پنجاب کو بھی لاہور سمیت پنجاب بھر میں چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

جس کے باعث ملک بھر میں عید الفطر پیر25 مئی کو ہونے کا امکان ہے۔ لیکن حتمی فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
مزید برآں اس سے قبل وفاقی وزیر فواد چودھری نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں اہل اسلام کو عید مبارک کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بہت کم ایسا ہوتا ہے کہ پوری اسلامی دنیا ایک ہی دن عید منائے، کل ایک طویل عرصے بعد سعودی عرب، ایران، ترکی، انڈونیشیا، پاکستان اور بنگلہ دیش ایک ہی دن یعنی 24 مئ کو عید منائیں گے۔

انہوں نے اپنے دوسرے ٹویٹ میں کہا کہ سانگھڑ ، بدین، ٹھٹھہ ، جیوانی، پسنی میں چاند7 بج کر36 منٹ سے8 بج کر14منٹ تک چاند دیکھا جاسکتا ہے۔ بدین میں چاند سب سے زیادہ واضع ہے اگر ان علاقوں میں موسم خراب نہیں تو دور بین لیکر چھت پر چڑھیں اور اپنی ویڈیو بھی شیئر کریں۔ اسی طرح فواد چودھری نے رویت ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کا طریقہ بتاتے ہوئے کہا اسمارٹ فون میں رویت ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اورچاند کی لوکیشن دیکھیں۔

اسی طرح فواد چودھری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مشکلات پر قابو پانا ہی زندگی ہے، انشااللہ مشکل وقت سے نکلیں گے، مذہبی تہواروں کو یکجہتی کی وجہ بننا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ چاند کو زمین کے گرد چکر مکمل کرنے میں 29 دن سے کچھ زیادہ لگتا ہے، سورج کی روشنی میں چاند نظر نہیں آتا، سورج غروب ہونے اور چاند نکلنے میں 38 منٹ کا فرق ہونا چاہیے، چاند کی اونچائی 6.5 ڈگری ہونی چاہیے، چاند نظر آنے کا کم سے کم زاویہ 9 ڈگری کا ہونا چاہیے، 22 مئی کی رات 10 بجکر 39 منٹ پر شوال کے چاند کی پیدائش ہوچکی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سانگھڑ، بدین، ٹھٹھہ، جیوانی، پسنی میں چاند 7 بجکر 36 منٹ سے 8 بجکر 14 منٹ تک دیکھا جاسکتا ہے، سانگھڑ، بدین، ٹھٹھہ، جیوانی، پسنی میں چاند کی عمر 20 گھنٹے ہوگی، پشاور میں ہفتہ کو چاند نظر آنے کا امکان نہیں، ہم نے تجاویز وزیراعظم آفس کو بھجوا دی ہیں، جو وزیراعظم فیصلہ کریں گے ہم فالو کریں گے۔