وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقیات اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی میں اعلیٰ سحطی اجلاس

15جولائی تک کورونا وباء عروج پر ہونے کے امکان کو مد نظر رکھتے ہوئے تعلیمی اداروں کو اگست تک بند رکھنے کی سفارش

اتوار 31 مئی 2020 01:20

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقیات اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیرصدارت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2020ء) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے 15جولائی تک کورونا وباء عروج پر ہونے کے امکان کو مد نظر رکھتے ہوئے سفارش کی ہے کہ تعلیمی اداروں کو اگست تک بند رکھا جائے‘ این سی او سی نے چاروں صوبوں بشمول آزاد وجموں کشمیر اور گلگت بلتستان میں انڈسٹری سے منسلک کچھ دیگر شعبے کھولنے کے لئے صوبائی حکومت سے تجاویز اور آراء مانگ لیں ہیں‘ ان کی روشنی میں دیگر صنعتیں بھی کھولنے کی سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقیات اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی میں اعلی سحطی اجلاس منعقد ہوا۔ کوویڈ 19 سے متعلق ’’طویل مدتی بیماری‘‘ کے عنوان سے طویل اور قلیل مدتی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

فورم نے کوویڈ19‘ معاملے پر بہتر پیغام رسانی اور عوامی رسائی کے لئے مواصلاتی حکمت عملی پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا کہ نیگیٹو لسٹ میں شامل ریستورانٹ کو صرف پارسل کی اجازت دی گئی ہے ۔ شادی ہالوں میں صرف مہمانوں کی ایک محدود تعداد ، ایک ڈش اور معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) پر سختی سے عمل کے ساتھ اجازت دی جائے ۔ اسد عمر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ موجودہ سال کی پہلی ساماہی میں کوویڈ 19کے اثرات کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کریں ۔

این سی او سی نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعدوزارت صحت تنظیم نو کی جائے۔فورم کو یہ بھی بتایا گیا کہ وبائی امراض کے بڑھتے ہوئے خطرے کو مد نظر رکھتے ہوئے وسائل میںاضافہ کیا جائے ۔ فورم کو بتایا گیا کہ کوویڈ 19کی تشخیص کے لئے صلاحیت کو6لاکھ 72ہزار تک بڑھایا جارہا ہے ۔ وفاقی وزیر برائے معاشی امور خسرو بختیار نے کہا کہ وفاقی اور صوبوں کے مابین بہتر ہم آہنگی کے لئے قومی انٹیگریٹڈ مینجمنٹ سسٹم کو عمل میں لایا جائے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ اگرچہ ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا لیکن خلاف ورزی کرنے والوں کو کوئی سزا تجویز نہیں کی گئی ۔اجلاس میں وزیر داخلہ بریگیئر (ر) سید اعجاز احمد شاہ، وزیر برائے قومی فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ فخر امام ، وزیر امور برائے امور مخدوم خسرو بختیار ، معاون خصوصی اطلاعات و نشریات و چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر)عاصم سلیم باجوہ‘ قومی سلامتی سے متعلق وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ادریس نے اجلاس میں شرکت کی۔