جمعیت علماء اسلام کے رہنما کورونا وائرس سے انتقال کرگئے

چوہدری امتیاز قمر 15 روز سے لاہور کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے، مولانا فضل الرحمان کا اظہار افسوس

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 2 جون 2020 10:41

جمعیت علماء اسلام کے رہنما کورونا وائرس سے  انتقال کرگئے
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-02جون-2020ء) جمعیت علماء اسلام کے رہنما کورونا وائرس سے انتقال کرگئے۔تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام پنجاب کے رہنما چوہدری امتیاز قمر کورونا وائرس کا شکار ہوکر جاں بحق ہو گئے ہیں۔چوہدری امتیاز 15 روز سے لاہور کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے امتیاز قمر کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میں امتیاز قمر کے اہلخانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں، مرحوم پارٹی کا اہم اثاثہ تھے اور انہوں نے لاہور میں ہمیشہ پارٹی کے سربلندی کیلئے کام کیا اور پوری زندگی پارٹی کے نظریات کے ساتھ وفادار رہے۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز ملک میں کورونا وائرس سے مزید 60 افراد جاں بحق ہوئے۔۔ جس کے بعد جاں بحق ہونے والے کُل افراد کی تعداد ایک ہزار 543 ہو گئی ہے۔

حکومتی اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے د وران 2964 نئے کیسز سامنے آئے۔ جس کے بعد پنجاب میں کیسز 26ہزار 240، سندھ میں 28 ہزار 245، خیبرپختونخوا 10 ہزار 27،بلوچستاان میں 4 ہزار 393، گلگت بلتستان میں 711, اسلام آباد میں 2 ہزار 598 جبہ آزاد کشمیر میں 255 ہو گئے ہیں۔ اب تک ملک بھر میں 5 لاکھ 61 ہزار کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔دنیا بھر کی صورتحال پر نظر ڈالی جائے تو موذی کورونا وائرس کے مریضوں اور اس سے اموات میں دنیا بھر میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، یہ وباء کہیں تو شدت اختیار کر گئی ہے اور کہیں اس کا زور ٹوٹ چکا ہے یا کسی ملک میں اس کے اثرات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

دنیا بھر میں 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے باعث مزید 500 افراد دم توڑ گئے جبکہ اس دوران اس کے 9 ہزار 816 نئے مریض سامنے آئے ۔