وفاقی دارالحکومت کے 9 علاقے سیل کر کے فوج تعینات کرنے کا حکم

اسلام آباد میں کرونا وائرس خطرناک حد تک پھیلنے کے بعد کئی علاقوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، متاثرہ علاقوں میں رینجرز اور پولیس بھی تعینات کی جائے گی، ضلعی انتظامیہ نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا

muhammad ali محمد علی بدھ 3 جون 2020 20:13

وفاقی دارالحکومت کے 9 علاقے سیل کر کے فوج تعینات کرنے کا حکم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جون2020ء) وفاقی دارالحکومت کے 9 علاقے سیل کر کے فوج تعینات کرنے کا حکم، اسلام آباد میں کرونا وائرس خطرناک حد تک پھیلنے کے بعد علاقوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، متاثرہ علاقوں میں رینجرز اور پولیس بھی تعینات کی جائے گی، ضلعی انتظامیہ نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کرونا وائرس وبا سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔

گزشتہ چند روز کے دوران اسلام آباد میں رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کیسز کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد شہر کے 9 خطرناک ترین علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ جن 9 خطرناک علاقوں کی نشاندہی ہوئی ہے، ان تمام علاقوں کو فوری سیل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان علاقوں میں سعودی پاک ٹاور، پاکستان اسپورٹس بورڈ، چٹھا بختاور، نیشنل پولیس فاؤنڈیشن، ای الیون 4 گلی نمبر 16، سیکٹر آئی 10 اور آئی 10 فور گلی نمبر 26 اور سب اسٹریٹ، سیکٹر جی نائن 4 کی گلی نمبر 111، سیکٹر جی سیون 2 کی گلی نمبر 54، پی ڈبلیو ڈی کالونی بلاک نمبر 6 اور سیکٹر جی 4 گلی نمبر 62 شامل ہیں۔

خطرناک قرار دیے گئے علاقوں میں فوج، رینجرز اور پولیس تعینات کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ اس حوالے سےضلعی انتظامیہ نے باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا، اور موقف اختیار کیا ہے کہ جب تک ان علاقوں میں کرونا وائرس کیسز ختم نہیں ہوتے، یہ علاقے مکمل طور پر سیل رہیں گے۔ یہاں واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کی وبا سے اموات کےساتھ ساتھ نئے کیسز کی شرح میں بھی خوف ناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 67 افراد کرونا وائرس کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے جبکہ 4,131 نئے کیسز سامنے آئے۔ پاکستان کیسز کی تعداد کے لحاظ سے 213 مملک میں دنیا کا 18 واں سب سے زیادہ متاثرہ ملک بن چکا ہے۔ پاکستان بھر میں 80,463 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جب کہ اموات کی تعداد 1,688 ہو گئی ہے۔ سب زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 570 ہے، اس کے بعد سندھ میں 526 اموات، خیبر پختونخواہ میں 490 اموات، بلوچستان میں 49، اسلام آباد میں 34، گلگت بلتستان میں 12 اموات جبکہ آزاد کشمیر میں 7 موت ریکارڈ ہوئی ہے۔

سندھ میں کرونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 31,086 ہو گئی، پنجاب میں 29,489 کرونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، خیبر پختونخواہ میں کیسز کی تعداد 10,897، بلوچستان میں 4,740، اسلام آباد میں 3,188 ہو گئی۔ گلگت بلتستان میں 779 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد 284 ہے۔